تازہ ترین

آبنائے ہرمز کھولنے کیلئے ایران نے امریکا کے سامنے 7 شرائط رکھ دیں

0

آبنائے ہرمز کی بندش نے عالمی توانائی اور بحری تجارت پر دباؤ بڑھا دیا ہے، ایسے میں ایران نے آبنائے کو دوبارہ کھولنے کے معاملے پر امریکا کے سامنے 7 شرائط رکھ دی ہیں، تاہم ان مطالبات کی مکمل تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔

روسی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایران نے ثالثوں کے ذریعے امریکا کو اپنی شرائط سے آگاہ کردیا ہے اور واضح کیا ہے کہ مطالبات پورے کیے بغیر آبنائے ہرمز کھولنے کا فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران اور عمان کے درمیان پیر کو طے پانے والے انتظام کا مقصد آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر کھولنا نہیں ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق پیر کو مسقط میں ایک اجلاس ہوگا، جس میں عراق اور خلیجی ممالک کے نمائندے بھی شریک ہوں گے۔ اجلاس کے دوران شرکا کو متبادل بحری راستوں اور نقل و حمل سے متعلق انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی۔

رپورٹس کے مطابق ایران اور عمان کے درمیان طے پانے والے انتظام کے تحت خلیج فارس میں داخل ہونے والا بحری راستہ مکمل طور پر ایرانی سمندری حدود سے گزرے گا، جبکہ خلیج فارس سے باہر نکلنے والا راستہ جزوی طور پر ایرانی پانیوں میں ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ بحری آمدورفت ایرانی طریقہ کار کے تحت ہوگی، جبکہ جنوبی راستہ، جسے امریکا کھولنے کا مطالبہ کررہا ہے، بدستور بند رکھنے کی بات کی گئی ہے۔

آبنائے ہرمز دنیا کے اہم ترین بحری راستوں میں شمار ہوتی ہے اور اس کے ذریعے عالمی سطح پر تیل اور دیگر توانائی کے بڑے پیمانے پر ترسیل ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آبنائے سے متعلق کسی بھی پیش رفت کے عالمی توانائی بازار، تیل کی قیمتوں اور بین الاقوامی تجارت پر نمایاں اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.