پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے اپنے فضائی بیڑے میں بڑے پیمانے پر توسیع کی تیاری شروع کر دی ہے، جس کے تحت 2027 کی پہلی سہ ماہی میں 50 سے زائد نئے طیاروں کا آرڈر دینے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایڈرین ہملٹن مانز نے معروف جریدے ایوی ایشن ویک کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے ایئرلائن کی 75 سالہ تاریخ کے سب سے بڑے طیارہ خریداری منصوبے کی تفصیلات بتائیں۔
ان کے مطابق مجوزہ آرڈر میں 20 وائیڈ باڈی اور 30 نیرو باڈی طیارے شامل ہوں گے۔ نئے طیاروں کی شمولیت سے پی آئی اے کے فضائی بیڑے میں نمایاں اضافہ ہوگا، جبکہ پرانے بوئنگ 777 طیاروں کو جدید اور ایندھن کی بچت کرنے والے جہازوں سے تبدیل کیا جائے گا۔
پی آئی اے جدید ٹیکنالوجی اور آرام دہ کیبن سہولیات سے آراستہ طیارے اپنے بیڑے میں شامل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ نئے جہاز براہ راست خریداری، لیزنگ اور طویل مدتی فنانسنگ کے ذریعے حاصل کیے جائیں گے۔
نئے طیاروں کی ضروریات کے مطابق پی آئی اے کے انجینئرنگ شعبے کو بھی جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے، جبکہ طیاروں کے آپریشن کے لیے انجینئرز اور فضائی عملے کی تربیت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
سی ای او کے مطابق پی آئی اے یورپ اور برطانیہ کے لیے اپنی پروازوں میں مزید اضافہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ شمالی امریکا کے روٹس پر براہ راست پروازیں شروع کرنے میں بھی گہری دلچسپی ہے، جبکہ چین اور مشرق بعید کے متعدد نئے مقامات کے لیے بھی پروازیں شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
ایئرلائن کا مقصد ایک وسیع اور معیاری فضائی نیٹ ورک کے ذریعے پاکستان کی بڑھتی ہوئی سفری ضروریات پوری کرنا ہے۔