تازہ ترین

واشنگٹن میں ٹرمپ اور نیتن یاہو کے خلاف احتجاج، غزہ میں بچوں کی ہلاکتوں کی علامتی منظرکشی

0

امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں صیہونیت مخالف کارکنوں نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا، جس میں غزہ میں بچوں کی ہلاکتوں کو علامتی انداز میں پیش کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں اور دیگر امریکی شخصیات کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ مظاہرہ تھینکس گیونگ سے قبل واشنگٹن کے یونین اسٹیشن کے باہر منعقد کیا گیا، جسے منتظمین نے ’’فرینڈزگیونگ ڈنر‘‘ کا نام دیا تھا۔

احتجاج کے دوران اداکاروں نے نیتن یاہو، امریکی مالیاتی شخصیت جیفری ایپسٹین اور ڈونلڈ ٹرمپ کا روپ دھار کر ایک میز پر بیٹھنے کا منظر پیش کیا۔ میز پر بچوں کی خون آلود گڑیاں اور مصنوعی خون سے بھرے پیالے رکھے گئے تھے، جن کے ذریعے غزہ میں بچوں کی ہلاکتوں کی علامتی منظرکشی کی گئی۔

مظاہرے میں ایک اداکار نے مجسمہ آزادی کا روپ بھی دھار رکھا تھا، جسے زنجیروں میں جکڑا گیا اور اس کے منہ پر اسرائیلی پرچم باندھا گیا تھا۔

اس کے علاوہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور سابق وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے کردار بھی پیش کیے گئے۔

رپورٹس کے مطابق میز پر رکھے گئے ایک مشروب کو ’’غزہ کا خون‘‘ کا نام دیا گیا تھا، جبکہ دیگر تحریروں اور علامتی مناظر کے ذریعے اسرائیلی اور امریکی قیادت کے خلاف الزامات اور احتجاجی پیغام پیش کیا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.