تازہ ترین

مولانا فضل الرحمٰننے ملک کو تصادم سے بچانے کے لیے گرفتاری دی، جے یو آئی کا دعویٰ

0

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی گرفتاری سے متعلق پارٹی اور پولیس کے متضاد مؤقف سامنے آگئے ہیں۔ جے یو آئی نے دعویٰ کیا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن نے ملک کو خونریزی اور تصادم سے بچانے کے لیے گرفتاری دی، جبکہ پولیس ذرائع نے ان کی گرفتاری یا نظر بندی کی تردید کردی ہے۔

جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن کو لاہور کے علاقے ٹھوکر نیاز بیگ میں 11 گھنٹوں سے زائد وقت تک محصور رکھا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے مولانا فضل الرحمٰن کا راستہ روکا تھا، جبکہ وہ سرگودھا میں جلسے کے لیے روانہ ہوئے تھے۔

اسلم غوری کے مطابق ڈی آئی جی لاہور نے مولانا فضل الرحمٰن کو واپس گھر جانے کا مشورہ دیا، جسے انہوں نے مسترد کردیا۔ بعد ازاں سی سی پی او لاہور موقع پر پہنچے اور انہیں گرفتاری کے احکامات سے آگاہ کیا۔

ترجمان جے یو آئی کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے حکومتی عزائم کو بھانپتے ہوئے کارکنوں اور حکومت کے درمیان تصادم کے بجائے گرفتاری کو ترجیح دی۔ ان کے مطابق سربراہ جمعیت نے ملک کو تشدد اور انتشار سے بچانے کے لیے یہ فیصلہ کیا۔

اسلم غوری نے بتایا کہ پارٹی کارکنان گزشتہ 10 گھنٹوں سے ملک بھر کی شاہراہوں پر دھرنا دیے بیٹھے تھے اور مظاہرین کی تعداد میں اضافے کے باعث حالات سنگین ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا تھا۔ ان کے بقول مولانا فضل الرحمٰن نے عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے گرفتاری کا فیصلہ کیا۔

ترجمان نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی رکاوٹوں کے باعث لاہور کے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کے دوران قومی اور صوبائی شاہراہیں بند رہیں۔ انہوں نے عوام سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی عوام کو پہنچنے والی تکلیف پر افسوس کا اظہار کرتی ہے، تاہم اس کی تحریک اور جدوجہد جاری رہے گی۔

اسلم غوری نے اعلان کیا کہ جمعے کو نماز کے بعد ملک بھر کے ضلعی ہیڈکوارٹرز میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ مولانا خواجہ خلیل احمد نے قائم مقام مرکزی امیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔

ترجمان جے یو آئی کے مطابق پارٹی کی تحریک سابقہ فیصلوں اور مولانا فضل الرحمٰن کے مؤقف کے مطابق جاری رہے گی، جبکہ آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان قیادت باہمی مشاورت کے بعد کرے گی۔

دوسری جانب پولیس ذرائع نے جے یو آئی کے دعوے کے برعکس مؤقف اختیار کیا ہے کہ سربراہ جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمٰن کو نہ گرفتار کیا گیا ہے اور نہ ہی نظر بند کیا گیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.