ترکیہ کے صدر اردوان نے مکہ دفاعی معاہدے کی باضابطہ منظوری دے دی
پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ دفاعی تعاون کے معاہدے کی توثیق کا عمل مکمل ہوگیا ہے، جہاں ترک صدر رجب طیب اردوان نے معاہدے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔
استنبول سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ترکیہ کے سرکاری گزٹ میں جمعے کو صدر اردوان کی منظوری کی اشاعت کے بعد معاہدے کی توثیق کا عمل مکمل ہوا۔ اس سے قبل رواں ماہ 5 نومبر کو ترک پارلیمنٹ بھی اس معاہدے کی منظوری دے چکی تھی۔
تینوں ممالک نے اگست میں مکہ مکرمہ میں مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ یہ پیش رفت خطے میں ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی بڑھتی ہوئی جارحانہ کارروائیوں سے متعلق خدشات کے تناظر میں سامنے آئی تھی۔
معاہدے کے تحت کسی ایک ملک پر حملہ تینوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔ تینوں ممالک کے درمیان اس حوالے سے جمعے اور ہفتے کو اسلام آباد میں اجلاس بھی طے ہے۔
ترکیہ کی پارلیمنٹ سے معاہدے کی منظوری کے بعد انقرہ کے لیے سعودی عرب کو فوجی معاونت فراہم کرنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ یہ پیش رفت یمن کے حوثی گروپ کی جانب سے سعودی عرب پر حملوں کے تناظر میں اہم قرار دی جا رہی ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ترکیہ کی حکمراں جماعت کے ایک رکن پارلیمنٹ نے گزشتہ ماہ بتایا تھا کہ حکومت معاہدے کے تحت سعودی عرب میں ترک فوجی اہلکار تعینات کرنے کی اجازت کے لیے پارلیمنٹ میں ایک قرارداد بھی پیش کرے گی۔
واضح رہے کہ ترکیہ نیٹو اتحاد کی دوسری بڑی فوجی قوت رکھتا ہے، جبکہ سعودی عرب اسلام کے مقدس ترین مقامات کا میزبان ہونے کے ساتھ دنیا کے بڑے تیل برآمد کرنے والے ممالک میں شامل ہے۔ پاکستان واحد مسلم اکثریتی ملک ہے جو جوہری ہتھیاروں کا حامل ہے۔