تازہ ترین

کینیڈا میں حجاب پر پابندی کا قانون سپریم کورٹ میں چیلنج، مسلمان خواتین کے حقوق کا معاملہ زیرِ سماعت

0

کینیڈا کے صوبے کیوبیک میں سرکاری ملازمین کے مذہبی علامات پہننے پر پابندی سے متعلق قانون ایک بار پھر بحث کا مرکز بن گیا ہے۔ بل 21 کے نام سے معروف اس قانون کو سپریم کورٹ میں قانونی چیلنج کا سامنا ہے، جبکہ اس کے اثرات بالخصوص حجاب پہننے والی مسلمان خواتین کی ملازمتوں اور پیشہ ورانہ مستقبل پر پڑ رہے ہیں۔

قانون کے تحت سرکاری اسکولوں کے اساتذہ، پولیس اہلکاروں اور بعض دیگر سرکاری ملازمین کو دورانِ ملازمت مذہبی علامات پہننے کی اجازت نہیں۔ اس پابندی سے متاثر ہونے والی 45 سالہ مسلمان خاتون نوین والی کا کہنا ہے کہ وہ تقریباً 10 سال تک اپنے بچوں کے اسکولوں میں رضاکارانہ خدمات انجام دیتی رہیں، لیکن حجاب پہننے کے بعد انہیں ای میل کے ذریعے آگاہ کیا گیا کہ قانون کے تحت وہ اسکول میں رضاکارانہ سرگرمیوں میں حصہ نہیں لے سکتیں۔

نوین والی نے بتایا کہ انہوں نے 40 سال کی عمر میں حجاب پہننا شروع کیا تھا۔ ان کے مطابق اس پابندی نے نہ صرف بچوں کے اسکول میں موجودگی کا سلسلہ متاثر کیا بلکہ ان کے پیشہ ورانہ مستقبل کو بھی غیر یقینی بنا دیا ہے۔

وہ شعبہ مالیات میں ملازمت چھوڑ کر خصوصی تعلیم کے شعبے میں کام کرنے کی تربیت حاصل کر رہی تھیں، تاہم اب حجاب کے ساتھ اس شعبے میں ملازمت کرنا ان کے لیے ممکن نہیں رہا۔

نیشنل کونسل آف کینیڈین مسلمز اور یارک یونیورسٹی کی محقق نادیہ حسن کی جانب سے 2022 اور 2023 میں کیے گئے ایک سروے کے مطابق 411 مسلمان خواتین میں سے 73 فیصد نے کہا کہ بل 21 نے ان کی ملازمت کی تلاش کو متاثر کیا، جبکہ 48 فیصد خواتین کا خیال تھا کہ انہیں مذہبی شناخت کی وجہ سے ملازمت نہیں دی گئی۔

سروے میں شامل 88 فیصد خواتین نے یہ بھی کہا کہ اس قانون کے باعث کیوبیک میں رہنے کا ماحول ان کے لیے پہلے سے کم خوش آئند ہوگیا ہے۔ کونسل کے سربراہ اسٹیفن براؤن کے مطابق بعض خواتین کام کی جگہ پہنچ کر حجاب اتار دیتی ہیں اور واپسی پر دوبارہ پہن لیتی ہیں، جس سے ان کی عزتِ نفس متاثر ہوتی ہے۔

کیوبیک حکومت نے 2019 میں بل 21 منظور کیا تھا، جبکہ 2025 میں بل 94 کے ذریعے پابندیوں کا دائرہ مزید وسیع کردیا گیا اور اسکولوں کے معاون عملے اور والدین سمیت رضاکاروں کو بھی اس میں شامل کرلیا گیا۔

اب کینیڈا کی سپریم کورٹ کو یہ فیصلہ کرنا ہے کہ آیا حکومتیں ملک کے چارٹر آف رائٹس اینڈ فریڈمز میں موجود خصوصی آئینی شق، جسے نان آبسٹیٹنگ کلاز کہا جاتا ہے، استعمال کرکے مذہبی آزادی اور مساوات سے متعلق بعض بنیادی حقوق کو محدود کرنے والے قوانین کو تحفظ دے سکتی ہیں یا نہیں۔

مسلم تنظیموں اور شہری آزادیوں کے لیے کام کرنے والے اداروں نے اس قانون کو چیلنج کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ یہ مذہبی آزادی اور شہریوں کے آئینی حقوق کے منافی ہے۔

نوین والی کا کہنا ہے کہ وہ اپنے آبائی صوبے اور خاندان کو چھوڑ کر کہیں اور منتقل نہیں ہونا چاہتیں، تاہم انہیں اپنی بیٹیوں کے مستقبل کی بھی فکر ہے، جو حجاب پہننے اور اپنے پیشہ ورانہ انتخاب کے درمیان فیصلہ کرنے کے خدشات سے دوچار ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.