تازہ ترین

بھارتی گلوکارہ تلسی کمار پر پاکستانی لوک گیت ’سمی میری وار‘ کی نقل کا الزام

0

پاکستانی لوک موسیقی کی مقبولیت ایک بار پھر سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بن گئی ہے، جہاں بھارتی گلوکارہ تلسی کمار کے نئے گانے کو پاکستان کے معروف لوک گیت ’سمی میری وار‘ سے مشابہ قرار دیتے ہوئے نقل کے الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔

پاکستانی لوک گیت ’سمی میری وار‘ کئی دہائیوں سے مختلف گلوکاروں کی آواز میں پیش کیا جاتا رہا ہے، تاہم نئی نسل میں اسے خاص مقبولیت کوک اسٹوڈیو پاکستان کے اس ورژن سے ملی جسے قرۃ العین بلوچ اور عمیر جسوال نے اپنی آواز میں پیش کیا تھا۔

تقریباً ایک دہائی قبل ریلیز ہونے والی اس پیشکش کو موسیقی کے شائقین نے بھرپور پذیرائی دی اور یہ گانا آج بھی مداحوں کی پسندیدہ فہرست میں شامل ہے۔

اب بھارتی گلوکارہ تلسی کمار کا نیا گانا بھارتی میوزک کمپنی ٹی سیریز (T-Series) کے تحت ریلیز کیا گیا ہے اور اسے سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر بھی شیئر کیا گیا ہے۔ گانے کی ریلیز کے بعد صارفین نے اس کی دھن، الفاظ اور انداز کو پاکستانی لوک گیت ’سمی میری وار‘ سے مشابہ قرار دیتے ہوئے پاکستانی موسیقی کی نقل کا الزام عائد کیا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین نے اس معاملے پر تبصرے کرتے ہوئے بھارتی حلقوں کی جانب سے پاکستانی ڈراموں اور شوز کے بائیکاٹ کے مطالبات کا حوالہ بھی دیا۔

ایک صارف نے لکھا کہ ایک طرف پاکستانی شوز پر پابندی لگانے کی باتیں کی جاتی ہیں، جبکہ دوسری جانب پاکستانی موسیقی سے ملتے جلتے گانے ریلیز کیے جا رہے ہیں۔ ایک اور صارف نے طنزیہ انداز میں کہا کہ دائیں بازو کے حلقوں کو مبینہ طور پر نقل کرنے والوں کے خلاف بھی مہم شروع کرنی چاہیے۔

کئی صارفین نے تبصرہ کیا کہ ’’کتنا بھی بائیکاٹ کر لو، موسیقی تو پاکستانی ہی کاپی کرنی ہے۔‘‘ صوفیہ نامی صارف نے بھارتی حلقوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی گانوں کی مبینہ نقل کرنا بھی چھوڑ دیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.