اسلام آباد: پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اہم مذاکرات آج اور کل اسلام آباد میں ہوں گے، جن میں تینوں ممالک کے اعلیٰ سطح کے سیاسی اور عسکری وفود شرکت کریں گے۔
مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت ہونے والے یہ مذاکرات 26 اور 27 نومبر کو منعقد ہوں گے، جن میں علاقائی سلامتی کی صورتحال اور مشترکہ دفاعی حکمت عملی سمیت مختلف اہم امور زیر بحث آئیں گے۔
ذرائع کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان اور وزیر دفاع خالد بن سلمان کی شرکت متوقع ہے، جبکہ ترکیہ کی نمائندگی وزیر خارجہ حاقان فیدان اور وزیر دفاع یاشار گولر کریں گے۔
پاکستان کی جانب سے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور اعلیٰ عسکری حکام مذاکرات میں شریک ہوں گے۔
اجلاس میں تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے فروغ، خطے کی سلامتی کی صورتحال، مشترکہ دفاعی حکمت عملی اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
مکہ دفاعی معاہدے کے تناظر میں ہونے والے ان مذاکرات کو خطے میں امن و استحکام اور پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔