اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کردی ہے، جس کے بعد پیٹرول 4 روپے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 5 روپے فی لیٹر سستا ہوگیا ہے۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر کمی کے بعد نئی قیمت 314 روپے مقرر کردی گئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 5 روپے کمی کے بعد 348 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری بحران کے باعث حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر کیا جاتا ہے، تاہم ہفتہ اور اتوار کو قیمتیں برقرار رہتی ہیں۔
دوسری جانب پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے حکومت کو 15 روز کا الٹی میٹم دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے روزانہ تعین کا فیصلہ واپس لیا جائے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے خبردار کیا کہ اگر موجودہ صورتحال برقرار رہی تو پیٹرول ڈیلرز پیٹرول اسٹیشن بند کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔