تازہ ترین

1971 کی جنگ میں بھارت کا مقصد بنگالیوں کی مدد نہیں بلکہ پاکستان کو کمزور کرنا تھا، حافظ الدین احمد

0

اسلام آباد: بنگلا دیشی پارلیمنٹ کے اسپیکر حافظ الدین احمد نے کہا ہے کہ 1971 کی جنگ میں بھارت کا مقصد بنگالیوں کی مدد کرنا نہیں بلکہ پاکستان کو کمزور کرنا تھا۔

اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ الدین احمد نے کہا کہ گزشتہ 15 سال کے دوران بنگلا دیش ہمسایہ ملک کی کالونی بن چکا تھا اور اس صورتحال میں وہاں کے عوام مشکلات کا شکار رہے۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم حسینہ واجد بنگلا دیش واپس آئیں گی تو انہیں براہ راست جیل جانا پڑے گا۔ ان کے مطابق حسینہ واجد نے ایک مسلم دشمن ملک میں پناہ لے رکھی ہے اور اگر بھارت انہیں واپس نہیں کرتا تو بنگلا دیش بین الاقوامی عدالت انصاف سے رجوع کرے گا۔

حافظ الدین احمد کا کہنا تھا کہ حسینہ واجد کی جانب سے وطن واپس آنے کا اعلان صرف اپنے کارکنوں کو بتانے کے لیے کیا جاتا ہے، جبکہ ان کے بقول وہ آئندہ 10 سال تک بنگلا دیش واپس نہیں آئیں گی۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ حسینہ واجد کی جماعت عوامی لیگ ایک دہشت گرد جماعت بن چکی ہے اور بنگلا دیشی حکومت اس پر پابندی لگانے کے بارے میں سوچ رہی ہے۔

بنگلا دیشی اسپیکر نے کہا کہ ان کے ملک کے عوام جمہوریت پسند ہیں اور کسی قسم کی آمریت برداشت نہیں کرتے۔ ان کے مطابق 1971 میں بھی جمہوریت کا مطالبہ کیا گیا تھا، تاہم یہ مطالبہ تسلیم نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بنگلا دیش اور پاکستان میں پارلیمانی نظام ایک جیسا ہے، جبکہ 1975 میں بنگلا دیش میں یک جماعتی نظام متعارف کرایا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ملک کو خالص جمہوریت نہیں مل سکی، تاہم رواں سال فروری میں ہونے والے انتخابات شفاف تھے۔

مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے حافظ الدین احمد نے کہا کہ مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت حل ہونا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان دوستی کا تعلق مزید گہرا ہوگا۔ بین الاقوامی پارلیمانی یونین کی ایگزیکٹو کمیٹی کے لیے بنگلا دیشی امیدوار کی حمایت کرنے پر انہوں نے پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.