کراچی: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے سائبر فراڈ میں ملوث تین افراد کے گروہ کو گرفتار کرلیا ہے، جن کے قبضے سے 15 کروڑ روپے نقد برآمد ہوئے ہیں۔
این سی سی آئی اے کے مطابق ملزمان کے بینک اکاؤنٹس سے ایک ارب 20 کروڑ روپے کی مالی ٹرانزیکشنز کے شواہد بھی ملے ہیں۔
این سی سی آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر شہزاد اکبر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ برآمد ہونے والی نقد رقم چرچ کے احاطے میں کھڑی ایک گاڑی سے قبضے میں لی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ ملزمان سے گاڑیوں سمیت مجموعی طور پر 25 کروڑ روپے کی ریکوری کی گئی ہے، جبکہ ان کے بینک اکاؤنٹس میں موجود 6 کروڑ روپے بھی منجمد کیے گئے ہیں۔
شہزاد اکبر کے مطابق تین دوستوں پر مشتمل یہ گروہ 2020 سے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تھا۔ ملزمان مختلف کمپنیوں سے ڈیٹا حاصل کرتے اور بالخصوص عمر رسیدہ افراد کو صحت سے متعلق مسائل کا حوالہ دے کر فون کرتے، جس کے ذریعے انہیں اپنے جال میں پھنساتے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ملزمان 2020 سے 2024 تک جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے رقوم منتقل کرتے رہے، تاہم پاکستان اور امریکا میں سختی کے بعد انہوں نے حوالہ ہنڈی کے ذریعے رقم کی منتقلی شروع کردی۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر کے مطابق ملزمان 23 مختلف بینک اکاؤنٹس استعمال کرتے تھے اور روزانہ تقریباً 20 لاکھ روپے خرچ کرتے تھے۔