تازہ ترین

بحیرہ روم میں روسی بحریہ کو بڑا نقصان، یوکرین نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی

0

یوکرین نے روس کے خلاف جاری جنگ کا دائرہ بحیرہ روم تک پھیلانے کا دعویٰ کرتے ہوئے لیبیا کی بندرگاہ بن غازی میں روسی جنگی جہاز کو نشانہ بنانے کی تصدیق کر دی ہے۔ یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے اس کارروائی کو ملکی انٹیلی جنس اداروں کا ایک مؤثر آپریشن قرار دیا ہے۔

زیلنسکی نے پیر کے روز بتایا کہ یوکرین کی انٹیلی جنس سروسز نے اس کارروائی میں کردار ادا کیا۔ رپورٹ کے مطابق یوکرین کے تیار کردہ سات سمندری ڈرونز نے روسی بحریہ کے کارویٹ جہاز مرکری کو نشانہ بنایا، جبکہ مال بردار جہاز ایم وی انگارا بھی حملے کی زد میں آیا۔

سیٹلائٹ تصاویر میں روسی جنگی جہاز کو بندرگاہ میں الٹا ہوا دیکھا گیا ہے۔ جہاز پر موجود کے اے 27 جنگی ہیلی کاپٹر کی تباہی کی بھی اطلاع ہے۔ یوکرین نے الزام عائد کیا ہے کہ مال بردار جہاز ایم وی انگارا ماسکو کے لیے فوجی ہتھیار منتقل کر رہا تھا۔

دوسری جانب روس نے تاحال اپنے بحری جہاز کو پہنچنے والے نقصان پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔ مشرقی لیبیا کے حکام نے اتوار کو بندرگاہ پر موجود روسی جہاز میں دھماکے اور بن غازی کے قریب ایک دوسرے حملے کی اطلاع دی تھی۔ واقعے کے بعد اقوام متحدہ کے مشن نے آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

اس سے قبل مارچ میں روس نے بھی یوکرین پر الزام لگایا تھا کہ اس نے لیبیا سے سمندری ڈرونز کے ذریعے پابندیوں کی زد میں آنے والے ٹینکر آرکٹک میٹگاز کو نشانہ بنایا تھا۔

ادھر بحیرہ روم میں ان واقعات سے قبل ہفتے کے روز روسی مال بردار جہاز سپارٹا ٹو کو خلیج فن لینڈ میں ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا، جس کے نتیجے میں جہاز میں آگ لگ گئی۔ فن لینڈ کی دفاعی فورسز نے اس واقعے میں یوکرین کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا۔ فن لینڈ کے وزیراعظم پیٹری اورپو نے خبردار کیا کہ جنگ کے اثرات ان کے ملک کے قریبی علاقے تک پہنچ رہے ہیں، تاہم انہوں نے یوکرین کے اپنے دفاع کے حق کی حمایت بھی کی۔

دوسری جانب یوکرین کی فضائیہ کے مطابق روس نے رات کے دوران یوکرین پر 153 ڈرونز داغے۔ مشرقی علاقے خارکیف میں روسی ڈرون حملوں سے ایک کنڈرگارٹن اور ہوٹل کو نقصان پہنچا، جبکہ آٹھ شہری زخمی ہوئے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.