وئٹہ میں کھلے خشک دودھ اور غیر قانونی شییشہ پوائنٹس کے خلاف کریک ڈاؤن
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے احکامات پر کوئٹہ میں کھلے خشک دودھ کی فروخت پر پابندی عائد کردی گئی ہے، جبکہ غیر قانونی شییشہ پوائنٹس کے خلاف بھی کارروائیاں تیز کرتے ہوئے متعدد مراکز بند اور متعلقہ سامان ضبط کرلیا گیا۔
کھلے خشک دودھ کی فروخت پر پابندی سے متعلق ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، ڈرگ انسپکٹرز اور اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دکانوں اور دیگر مقامات پر کھلے خشک دودھ کو مختلف برانڈز یا بچوں کی تصاویر والے مقامی مارکہ جات کے نام سے فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
حکام کے مطابق ایسے کھلے خشک دودھ پر ایکسپائری ڈیٹ اور دیگر ضروری معلومات درج نہیں ہوتیں، جبکہ غیر محفوظ طریقے سے اس کی فروخت بچوں کی صحت کے لیے نقصان دہ اور خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔
ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے تمام دکانداروں کو سختی سے تنبیہ کی کہ کھلے خشک دودھ کی فروخت سے فوری طور پر گریز کریں۔ کسی دکان یا گودام سے کھلا خشک دودھ برآمد ہونے کی صورت میں ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی، گرفتاری اور دکان سیل کرنے سمیت سخت اقدامات کیے جائیں گے۔
اجلاس میں میڈیکل اسٹورز پر بھی کھلے خشک دودھ کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ شہر بھر کے میڈیکل اسٹورز کی چیکنگ بھی کی جائے گی۔
اس مقصد کے لیے محکمہ فوڈ اتھارٹی، محکمہ صحت، ڈرگ انسپکٹرز اور ضلعی انتظامیہ پر مشتمل مشترکہ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جو مختلف علاقوں میں معائنہ اور کارروائیاں کریں گی۔
ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ بچوں کی صحت سے متعلق کسی بھی قسم کی غفلت یا غیر معیاری اشیاء کی فروخت برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔
غیر قانونی شییشہ پوائنٹس کے خلاف کارروائی
دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ویسٹ منیر احمد درانی کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے ہزارہ ٹاؤن اور دیگر علاقوں میں غیر قانونی شییشہ پوائنٹس کے خلاف بھی مؤثر کارروائی کی۔
کارروائی کے دوران متعدد غیر قانونی شییشہ مراکز بند کروادیے گئے جبکہ شییشہ، فلیورز اور دیگر متعلقہ سامان بھی ضبط کرلیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کی ٹیموں نے مختلف مقامات پر قائم شییشہ پوائنٹس کا معائنہ کیا اور جہاں حکومتی ہدایات کی خلاف ورزی پائی گئی وہاں فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔
انتظامیہ کے مطابق کارروائی کا مقصد حکومتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانا اور شہریوں کو غیر قانونی سرگرمیوں سے محفوظ رکھنا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا کہ حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی۔
شییشہ پوائنٹس کے مالکان اور منتظمین کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متعلقہ قوانین اور حکومتی احکامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں، بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر منیر احمد درانی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ غیر قانونی شییشہ پوائنٹس کے خلاف کارروائی میں کسی قسم کی غفلت یا نرمی نہ برتی جائے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہریوں کی صحت، امن و امان اور معاشرتی ماحول کو بہتر بنانے کے لیے قانون شکن عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔