نصیرآباد: برکت علی کھوسہ اور شکر الدین تنیہ کی سپرنٹنڈنٹ کے عہدوں پر ترقی
نصیرآباد: حکومت بلوچستان کے وژن کے تحت نصیرآباد ڈویژن میں طویل عرصے سے ترقی کے منتظر ملازمین کی پروموشن کا عمل تیز کردیا گیا ہے، کمشنر نصیرآباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی نے محکمہ ریونیو کے دو ملازمین کو سپرنٹنڈنٹ کے عہدوں پر ترقی دینے کے احکامات جاری کردیے۔
کمشنر نصیرآباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی کی جانب سے محکمہ ریونیو کے اسسٹنٹ برکت علی کھوسہ اور شکر الدین تنیہ کو سپرنٹنڈنٹ کے عہدوں پر ترقی دے دی گئی۔
ترقی پانے والے ملازمین نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان اور ایس ایم بی آر قمبر دشتی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام کی کاوشوں سے نصیرآباد ڈویژن میں طویل عرصے سے رکے ہوئے ملازمین کی ترقی کا عمل تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔
اس موقع پر کمشنر نصیرآباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی نے ترقی پانے والے افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عہدے میں ترقی کے ساتھ ذمہ داریاں بھی بڑھ جاتی ہیں، اس لیے افسران دیانتداری، فرض شناسی اور مفاد عامہ کو مقدم رکھتے ہوئے اپنی خدمات جاری رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری افسران کی ذمہ داری ہے کہ حکومتی اقدامات اور عوامی سہولیات کو مؤثر انداز میں شہریوں تک پہنچانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں۔
کمشنر صلاح الدین نورزئی نے مزید کہا کہ نصیرآباد ڈویژن میں ملازمین کے پروموشن کے عمل کو مزید وسعت دینے کے لیے بھرپور کوششیں جاری ہیں اور دیگر اہل ملازمین کو بھی ترقی دینے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔