کوئٹہ: سپریم کورٹ آف پاکستان نے ملک بھر کی عدالتوں میں یکساں اور معیاری ای فائلنگ نظام متعارف کرانے کے لیے مشاورتی عمل مزید آگے بڑھا دیا، چیف جسٹس پاکستان نے بلوچستان بار کونسل کے وفد سے ملاقات میں مجوزہ قومی ای فائلنگ نظام کے عملی پہلوؤں اور وکلا کی ضروریات پر تبادلہ خیال کیا۔
چیف جسٹس پاکستان، بحیثیت چیئرمین نیشنل جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی (NJPMC)، نے سپریم کورٹ آف پاکستان کی برانچ رجسٹری کوئٹہ میں بلوچستان بار کونسل کے وفد سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت وائس چیئرمین بلوچستان بار کونسل نے کی جبکہ صوبے کے مختلف اضلاع سے بار کونسل کے ارکان بھی شریک ہوئے۔
یہ ملاقات رواں ماہ کے آغاز میں شروع کیے گئے مشاورتی عمل کا حصہ تھی، جس کا مقصد سپریم کورٹ، ہائیکورٹس اور ضلعی عدالتوں کے لیے ملک گیر سطح پر یکساں اور معیاری ای فائلنگ فریم ورک تیار کرنا ہے۔
ملاقات کے دوران شرکا کو مجوزہ نیشنل اسٹینڈرڈائزڈ ای فائلنگ سسٹم کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ مجوزہ نظام کو ایک منظم، جدید اور قواعد و ضوابط سے ہم آہنگ پلیٹ فارم کے طور پر تیار کیا جارہا ہے، جو عدالتی کارروائیوں سے متعلق قانونی اور طریقہ کار کی ضروریات کو پورا کرے گا۔
اس اقدام کو عدالتی اصلاحات کے وسیع تر ایجنڈے کا حصہ قرار دیا گیا ہے، جس کے ذریعے ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاکر عدالتی عمل کو جدید بنانے، کارکردگی اور شفافیت بہتر کرنے، مقدمات کے عمل میں پیش بینی پیدا کرنے اور سائلین و وکلا کے لیے انصاف تک رسائی کو مزید آسان بنانے کا مقصد حاصل کیا جائے گا۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ مجوزہ نظام کے بنیادی صارفین ہونے کے باعث بار ایسوسی ایشنز اس کے لیے معیاری ای فائلنگ ٹیمپلیٹس کی تیاری اور ملک بھر کی عدالتوں میں کامیاب نفاذ میں اہم شراکت دار ہیں۔
انہوں نے وفد پر زور دیا کہ وہ اپنے عملی تجربے کی بنیاد پر قیمتی تجاویز فراہم کرے تاکہ نیا نظام وکلا اور سائلین کے لیے مؤثر، قابل رسائی اور استعمال میں آسان بنایا جاسکے۔
بلوچستان بار کونسل کے وفد نے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نیا نظام وکلا اور سائلین کے لیے آسان فائلنگ طریقہ کار، مؤثر کیس ٹریکنگ اور متحدہ الیکٹرانک کیس ریکارڈ کی سہولت فراہم کرے گا۔
ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام ہائیکورٹس کے رجسٹرارز، ہر صوبائی بار کونسل کی جانب سے نامزد دو اراکین اور اسلام آباد بار کونسل کے نامزد کردہ دو اراکین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔
کمیٹی معیاری ای فائلنگ ٹیمپلیٹس کا جائزہ لے کر انہیں حتمی شکل دے گی، جس کے بعد یہ ٹیمپلیٹس نیشنل جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی کے سامنے غور اور پالیسی ہدایات کے لیے پیش کیے جائیں گے۔