اسحاق ڈار اور ترک وزیر خارجہ کی اہم ملاقات، تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
پاکستان اور ترکیہ نے سیاسی و سفارتی روابط کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے دوطرفہ تعاون کے مختلف شعبوں میں جاری پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ یہ اتفاق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان کے درمیان استنبول میں ہونے والی اہم ملاقات کے دوران سامنے آیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے سیاسی، اقتصادی، سیکیورٹی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم اور وسیع کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
ملاقات کے دوران دونوں جانب سے پاکستان اور ترکیہ کے دیرینہ برادرانہ تعلقات میں ہونے والی مسلسل پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک تعاون کونسل کے فریم ورک کے تحت مختلف شعبوں میں ہونے والی پیش رفت کا بھی خیرمقدم کیا گیا۔
اسحاق ڈار اور حاقان فیدان نے اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک تعاون کونسل کے آئندہ اجلاس کے جلد انعقاد کو یقینی بنانے پر بھی اتفاق کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ اعلیٰ سطحی رابطوں کا تسلسل دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
ملاقات میں علاقائی اور عالمی سطح پر اہمیت رکھنے والے مختلف معاملات بھی زیر بحث آئے۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کے لیے قریبی مشاورت اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات کے موقع پر خصوصی سیکریٹری اقوام متحدہ نبیل منیر، ڈائریکٹر جنرل اقوام متحدہ عمر صدیق، فرسٹ سیکریٹری قاضی سلیم اور نائب وزیر خارجہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر آغا حنین بھی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ہمراہ موجود تھے۔