اسلام آباد: پاکستان کی 2026-27 کی زیرِ صدارت شنگھائی تعاون تنظیم کی قومی رابطہ کاروں کی کونسل کا پہلا اجلاس 28 ستمبر سے اسلام آباد میں شروع ہوگا، جو 30 ستمبر تک جاری رہے گا۔
تین روزہ اجلاس کی صدارت ایس سی او کے لیے پاکستان کے قومی رابطہ کار کریں گے، جبکہ تنظیم کے رکن ممالک کے قومی رابطہ کار اور سیکریٹریٹ کے نمائندے بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
اجلاس میں شنگھائی تعاون تنظیم کے باہمی تعاون اور رابطہ کاری سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ شرکا پاکستان کی زیرِ صدارت سرگرمیوں کے پروگرام، آئندہ اجلاسوں اور تقریبات کی تیاریوں سمیت تنظیم کے ایجنڈے سے متعلق دیگر معاملات کا جائزہ لیں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق قومی رابطہ کاروں کا اجلاس پاکستان کی زیرِ صدارت تنظیم کی ابتدائی اہم سرگرمی ہے، جو دورانِ صدارت ہونے والے مختلف اعلیٰ سطحی اجلاسوں اور سرگرمیوں کی تیاری میں معاون ثابت ہوگا۔
پاکستان نے 2026-27 کی صدارت کے لیے ’’تصور کو عمل میں بدلنا: رابطہ کاری، جدت اور مشترکہ خوشحالی‘‘ کا موضوع مقرر کیا ہے، جس کے تحت علاقائی رابطہ کاری، جدت، معاشی تعاون اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
پاکستان کی صدارت کے دوران رکن ممالک کے مشترکہ وژن کو عملی اور باہمی مفاد پر مبنی اقدامات میں تبدیل کرنے کے لیے تعاون بڑھانے پر بھی توجہ دی جائے گی۔
اجلاس میں اگست 2027 میں پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ مملکت کے اجلاس کی تیاریوں سے متعلق امور بھی زیرِ غور آئیں گے۔ پاکستان نے رواں ماہ کرغزستان میں ہونے والے سربراہ اجلاس کے بعد 2026-27 کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم کی صدارت سنبھالی ہے۔