تازہ ترین

بلوچستان حکومت میں جماعت اسلامی کی شمولیت، ہدایت الرحمان آج وزیر بن جائیں گے

0

بلوچستان کی سیاست میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں جماعت اسلامی نے صوبائی حکومت میں شمولیت کا فیصلہ کر لیا ہے۔ جماعت اسلامی بلوچستان کے صوبائی امیر اور حق دو تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمان آج صوبائی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق مولانا ہدایت الرحمان کی صوبائی کابینہ میں شمولیت کے سلسلے میں تقریبِ حلف برداری آج شام ساڑھے چار بجے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں منعقد ہوگی، جہاں گورنر بلوچستان ان سے صوبائی وزیر کے عہدے کا حلف لیں گے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق مولانا ہدایت الرحمان کو صوبائی کابینہ میں محکمہ فشریز کا قلمدان دیے جانے کا امکان ہے، تاہم اس حوالے سے باضابطہ اعلان اور حتمی تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔

جماعت اسلامی کی بلوچستان حکومت میں شمولیت کو صوبے کی سیاسی صورتحال میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ مولانا ہدایت الرحمان کی کابینہ میں شمولیت سے جماعت اسلامی کو حکومتی سطح پر نمائندگی حاصل ہوگی، جبکہ حق دو تحریک کے پلیٹ فارم سے اٹھائے جانے والے عوامی مسائل بھی حکومتی ایوانوں میں زیر بحث آنے کی توقع ہے۔

واضح رہے کہ مولانا ہدایت الرحمان جماعت اسلامی بلوچستان کے صوبائی امیر ہونے کے ساتھ حق دو تحریک کے سربراہ بھی ہیں اور صوبے کے ساحلی علاقوں، خصوصاً ماہی گیروں کے مسائل کے حوالے سے ایک نمایاں سیاسی آواز سمجھے جاتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.