تازہ ترین

ایران امریکا جنگ سے عالمی فضائی صنعت بحران کا شکار، ایئرلائنز کو اربوں ڈالر کا نقصان

0

مشرق وسطیٰ میں ایران امریکا جنگ اور بڑھتی ہوئی کشیدگی نے عالمی فضائی صنعت کے لیے سنگین مشکلات پیدا کر دی ہیں، فضائی حدود کی بندش، پروازوں کی منسوخی اور ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے باعث دنیا بھر کی ایئرلائنز کو اربوں ڈالر کے مالی نقصان کا سامنا ہے۔

رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کے بعد فضائی صنعت کی بحالی کا عمل جاری تھا، تاہم جنگی صورتحال نے ایئرلائنز کی آمدنی اور آپریشنز کو ایک بار پھر متاثر کر دیا ہے۔ حوثیوں کے سعودی عرب میں حملوں نے بھی فضائی آپریشنز کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے۔

انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (ایاٹا) اور پاکستان ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن کے مطابق 2025 میں متعلقہ ایئرلائنز 7.2 ارب ڈالر منافع میں تھیں، تاہم اب انہیں مجموعی طور پر 4.3 ارب ڈالر کے نقصان کا سامنا ہے۔

دنیا کی 20 بڑی ایئرلائنز کی مارکیٹ ویلیو میں بھی اندازاً 30 ارب ڈالر سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ مشرق وسطیٰ کی ٹریول انڈسٹری کو روزانہ 60 کروڑ ڈالر تک نقصان پہنچنے کا تخمینہ ہے۔

جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک 46 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں۔ فضائی حدود بند ہونے اور طویل متبادل روٹس اختیار کرنے کے باعث ایئرلائنز کے اخراجات بڑھ گئے ہیں، جبکہ جیٹ فیول کی قیمتوں میں 80 فیصد سے زائد اضافے نے مالی دباؤ مزید بڑھا دیا ہے۔

قطر ایئرویز اس بحران سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والی ایئرلائنز میں شامل ہے۔ قطر کی فضائی حدود طویل عرصے تک بند رہنے اور ایرانی میزائل حملوں کے باعث اس کا فضائی نیٹ ورک متاثر ہوا۔ جون سے اکتوبر کے دوران ایئرلائن کو 20 لاکھ نشستیں کم کرنا پڑیں۔

ایمریٹس ایئرلائن کو بھی بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔ ایمریٹس گروپ کا منافع 66 فیصد کمی کے بعد ایک ارب ڈالر رہ گیا، جبکہ مسافروں کی تعداد 22 فیصد گھٹ کر 2 کروڑ 18 لاکھ رہ گئی۔

جنگ کے ابتدائی دنوں میں ایمریٹس کی 1 ہزار 581 پروازیں منسوخ ہوئیں، جس سے 6 لاکھ 44 ہزار سے زائد نشستیں متاثر ہوئیں۔ مارچ میں دبئی ایئرپورٹ پر مسافروں کی آمدورفت میں بھی 66 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

اتحاد ایئرویز کی ابتدائی مرحلے میں 193 پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ بعد ازاں اسے ساڑھے چار لاکھ نشستیں کم کرنا پڑیں۔ ابوظہبی ایئرپورٹ بھی حملوں سے متاثر ہوا۔

ایران کی فضائی حدود 58 روز تک بند رہنے سے وہاں کی فضائی صنعت کو بھی نقصان پہنچا۔ رپورٹ کے مطابق تقریباً 20 طیارے تباہ ہوئے، جبکہ تہران کا امام خمینی ایئرپورٹ 25 اپریل کو دوبارہ کھولا گیا۔

فضائی حدود کی بندش نے بھارتی ایئرلائنز کو بھی متاثر کیا۔ ایئر انڈیا کے بین الاقوامی مسافروں کی تعداد میں 36 فیصد کمی ہوئی، جبکہ انڈیگو نے صرف چار روز کے دوران 500 سے زائد پروازیں منسوخ کیں۔

پاکستان ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنما ایوب نسیم نے بتایا کہ جنگ کے باعث پاکستانی ایئرلائنز کو بھی اربوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ ان کے مطابق مشرق وسطیٰ پاکستانی ایئرلائنز کے لیے اہم اور منافع بخش روٹس میں شامل ہے اور بیرون ملک جانے والی پروازوں میں اس خطے کا حصہ تقریباً 50 فیصد تک ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران امریکا کشیدگی کے بعد حوثیوں کے سعودی عرب میں حملوں نے بھی فضائی آپریشنز کو متاثر کیا ہے۔ ریاض ایئرپورٹ تقریباً ایک ماہ سے بند ہے، جبکہ جدہ اور یورپ کے مختلف روٹس بھی متاثر ہوئے ہیں، جس کا براہِ راست اثر ٹریول ایجنٹس کے کاروبار پر پڑ رہا ہے۔

ایوب نسیم کے مطابق بزنس کلاس سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے اور عمرہ زائرین کی تعداد میں بھی کمی آئی ہے۔ عام طور پر کرسمس اور نئے سال کے موقع پر ایئرلائنز کی ٹکٹیں پہلے ہی بک ہو جاتی تھیں، لیکن اس بار صورتحال مختلف ہے۔ ٹریول ایجنٹس کو 30 سے 40 فیصد تک کاروباری نقصان کا سامنا ہے۔

انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو ٹریول ایجنٹس کے لیے اپنا کاروبار جاری رکھنا مشکل ہو سکتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.