وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ روس، پاکستان اور روس کے درمیان 16 معاہدوں پر دستخط متوقع
پاکستان اور روس کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون کو نئی سمت دینے کی تیاریاں جاری ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کے آئندہ دورہ روس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان 15 سے 16 اہم معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط متوقع ہیں۔
روس میں تعینات پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی نے روسی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے دورے کو تاریخی قرار دیا اور کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے تعلقات میں اہم پیش رفت متوقع ہے۔
پاکستانی سفیر کے مطابق وزیراعظم کی توجہ سیاسی تعلقات کو مستحکم کرنے کے ساتھ تجارت، توانائی، سرمایہ کاری، عوامی رابطوں، ثقافت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر مرکوز ہوگی۔ اسی مقصد کے تحت مختلف شعبوں میں متعدد معاہدے اور مفاہمتی یادداشتیں طے پانے کی توقع ہے۔
فیصل نیاز ترمذی نے بتایا کہ پاکستان اور روس کے درمیان تجارتی و معاشی روابط کو مضبوط بنانے کے لیے رواں سال کے اختتام تک اسلام آباد سے ماسکو کے لیے پہلی براہِ راست مال بردار ٹرین روانہ کی جائے گی۔
منصوبے کے مطابق یہ ٹرین اسلام آباد سے روانہ ہو کر کوئٹہ اور تفتان کے راستے ایران سے گزرتی ہوئی روس پہنچے گی، جس سے دونوں ممالک کے درمیان سامان کی ترسیل اور تجارتی رابطوں کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف 30 نومبر سے روس کا تین روزہ پہلا سرکاری دورہ کریں گے۔ دورے کا بنیادی مقصد دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور توانائی و سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں عملی تعاون کو آگے بڑھانا ہے۔