پاکستان اور پرتگال نے علاقائی تنازعات کے پرامن حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے، جبکہ دونوں ممالک نے باہمی تعلقات کو تجارت، سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں تعاون کے ذریعے مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
اسلام آباد میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پرتگال کے وزیر خارجہ پاؤلو رینجل کے ساتھ دفتر خارجہ میں باضابطہ مذاکرات کیے۔ ملاقات میں علاقائی صورتحال، دوطرفہ تعلقات اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور پرتگال کے درمیان تجارتی اور اقتصادی روابط بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر زراعت، قابلِ تجدید توانائی اور بحری رابطوں کے شعبوں میں تعاون پر بھی گفتگو ہوئی، جبکہ زیتون کی کاشت، اس کی پراسیسنگ کی سہولتوں اور کاروباری شراکت داری کو فروغ دینے کے امور زیرِ بحث آئے۔
مذاکرات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان 77 سالہ سفارتی تعلقات کا بھی ذکر کیا گیا۔ اسحاق ڈار اور پاؤلو رینجل نے باقاعدہ مشاورت اور پارلیمانی وفود کے تبادلوں میں اضافے کی اہمیت پر زور دیا۔
اسحاق ڈار نے تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ثقافت اور کھیلوں کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے مواقع بھی اجاگر کیے۔ انہوں نے ہنرمند پاکستانی کارکنوں کے لیے قانونی طریقوں سے پرتگال میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر بھی بات کی۔
دونوں ممالک نے اقتصادی تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے مشترکہ وزارتی کمیشن قائم کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا، جس کے ذریعے باہمی مشاورت اور رابطوں کو منظم انداز میں آگے بڑھایا جا سکے گا۔
ملاقات میں پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات، جی ایس پی پلس فریم ورک اور اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں میں تعاون کا بھی جائزہ لیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور بین الاقوامی مسائل کے حل کے لیے سفارت کاری اور کثیرالجہتی تعاون کو اہم قرار دیا۔
پرتگالی وزیر خارجہ نے پاکستان کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پرتگال کی حمایت پر اسلام آباد کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو بھی سراہا، جو دونوں ممالک کے درمیان روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔