تازہ ترین

علی امین گنڈاپور کو دوبارہ وزیراعلیٰ بنانے کے لیے 30 سے زائد ارکان سرگرم، ذرائع کا دعویٰ

0

پشاور: خیبرپختونخوا میں نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اندر سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں، جہاں ذرائع کے مطابق علی امین گنڈاپور کو دوبارہ وزارتِ اعلیٰ دلانے کے لیے لابنگ جاری ہے، جبکہ بعض رہنما بونیر یا ہزارہ سے وزیراعلیٰ منتخب کرنے کے خواہاں ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب پر پی ٹی آئی کے متعدد مرکزی رہنماؤں اور ارکانِ صوبائی اسمبلی میں اختلافِ رائے پایا جاتا ہے۔ ایک طرف بعض اہم رہنما بونیر یا ہزارہ سے امیدوار لانے کی خواہش رکھتے ہیں، تو دوسری جانب 30 سے زائد ارکانِ اسمبلی علی امین گنڈاپور کو دوبارہ وزیراعلیٰ بنانے کے لیے سرگرم ہیں۔

ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے مشاورت نہ ہونے کی صورت میں پارلیمانی پارٹی کی جانب سے منتخب کیے جانے والے وزیراعلیٰ کا انتخاب عارضی ہوسکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات تک پارلیمانی پارٹی کے منتخب کردہ امیدوار ہی وزیراعلیٰ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ اس معاملے پر رابطوں کے لیے پارٹی کے متعدد ارکان نے الگ واٹس ایپ گروپ بھی بنایا ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے ترجمان شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ صوبے کے نئے وزیراعلیٰ کے حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ ان کے مطابق اگر سہیل آفریدی نااہل قرار پاتے ہیں تو پارٹی قیادت باہمی مشاورت سے نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب کرے گی۔

شوکت یوسفزئی نے مزید کہا کہ صوبے کی نمائندگی کے لیے علی امین گنڈاپور کا نام پارلیمانی پارٹی نے پیش کیا تھا۔ انہوں نے پارٹی میں گروپ بندی کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ارکانِ اسمبلی نے واٹس ایپ گروپ باہمی رابطے برقرار رکھنے کے لیے بنایا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.