تازہ ترین

گلگت بلتستان، کے پی اور آزاد کشمیر کیلئے گلیشیائی سیلاب کا الرٹ جاری

0

اسلام آباد: مون سون بارشوں اور بڑھتے درجہ حرارت کے باعث گلیشیئرز تیزی سے پگھلنے سے ملک کے شمالی علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اور اچانک سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا، جس پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے حساس علاقوں کے لیے الرٹ جاری کردیا۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے
جاری الرٹ کے مطابق ملک میں جاری مون سون بارشوں اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے
باعث تیزی سے پگھلتے گلیشئرز کے پیش نظر گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خطرہ بڑھ گیا
ہے اور اس حوالے سے غذر، ہنزہ، نگر، شگر، گلگت، روندو، دیامر، استور، سکردو،
گانچھے، کھرمنگ اور وادی نیلم کے علاقے حساس قرار دیے گئے ہیں۔

الرٹ میں کہا گیا ہے کہ
چترال، اپر اور لوئر دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، بونیر اور ملحقہ پہاڑی
علاقوں میں بھی اچانک سیلابی صورت حال اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے
متعلقہ اداروں کو حساس گلیشیئرز، جھیلوں، دریاؤں اور ندی نالوں کی مسلسل نگرانی کی
ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ عوام گلیشیئر سے آنے والے دریاؤں، ندی نالوں اور دیگر
خطرناک علاقوں میں غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔

مزید بتایا گیا کہ اچانک
پانی کی سطح بڑھنے، پانی میں غیر معمولی مٹی کے رنگ یا گلیشیئرز کے قریب غیرمعمولی
صورت حال کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں۔

این ای او سی نے خطہ
پوٹھوہار اور بالائی خیبر پختونخوا کے لیے بھی گرج چمک کے ساتھ شدید اور موسلا
دھار بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک،
چکوال، جہلم، مری، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں 2 سے 5 ستمبر کے دوران شدید بارشوں
کا امکان ہے۔

اسی طرح دیر، سوات،
بونیر، ملاکنڈ، شانگلہ، بٹگرام، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، نوشہرہ،
صوابی، مردان اور پشاور میں بھی شدید بارش کا امکان ہے اور اس دوران شہری علاقوں
میں اچانک سیلابی صورت حال جبکہ پہاڑی علاقوں میں بھی سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا
خدشہ ہے۔

عوام سے کہا گیا ہے کہ
نشیبی علاقوں، ندی نالوں اور برساتی گزرگاہوں سے دور رہیں اور غیر ضروری سفر سے
گریز کریں۔

این ڈی ایم اے نے عوام کو موسمی صورت حال، ابتدائی انتباہات اور ضلعی انتظامیہ کی ہدایات سے باخبر رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے، مقامی انتظامیہ کو بروقت حفاظتی اقدامات یقینی بنانے اور شہریوں کو موسمی صورت حال سے باخبر رہنے کی ہدایت کی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.