تازہ ترین

پاکستانی معیشت کا رخ امداد سے تجارت اور سرمایہ کاری کی طرف موڑ رہے ہیں: اورنگزیب

0

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کی معیشت کو بیرونی امداد پر انحصار سے نکال کر تجارت اور سرمایہ کاری کی بنیاد پر مضبوط بنانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، جبکہ پائیدار معاشی ترقی کے لیے حکومت اور نجی شعبے کا مؤثر اشتراک ناگزیر ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ معاشی ترقی کا عمل سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ سے براہ راست جڑا ہوا ہے۔ عوام تک معاشی ترقی کے ثمرات پہنچانے کے لیے حکومت اور نجی شعبے کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت معاشی استحکام کے ساتھ پائیدار ترقی کے لیے بھی اقدامات کررہی ہے۔ برآمدات میں اضافہ، سرمایہ کاری کا فروغ اور ملکی پیداواری صلاحیت بہتر بنانا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔

محمد اورنگزیب کے مطابق ایکسپورٹ فنانس ملکی برآمدات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے، اس لیے اس شعبے کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ نجی شعبے کی ترقی سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔

وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت پاکستان کی معیشت کو امداد سے تجارت اور سرمایہ کاری کی جانب منتقل کررہی ہے۔ اس مقصد کے لیے عالمی مالیاتی اداروں اور کاروباری برادری کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینا ہوگی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.