تازہ ترین

ایران پر حملہ ہوا تو جواب پہلے سے زیادہ تیز، شدید اور دردناک ہوگا، قالیباف

0

تہران: ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ ایران کے مفادات اور سلامتی کے خلاف کسی بھی نئی جارحیت کی صورت میں تہران کا ردعمل پہلے کے مقابلے میں زیادہ تیز، شدید اور دردناک ہوگا۔

پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے محمد باقر قالیباف نے کہا کہ امریکا کو اب یہ سمجھ لینا چاہیے کہ ایران کی جانب سے دیے جانے والے محدود یا متناسب جوابات کا مرحلہ ختم ہوچکا ہے اور حالیہ کارروائیوں کے بعد حالات کے ساتھ حکمت عملی بھی تبدیل ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کی جانب سے حالیہ کارروائیوں میں مخالف اہداف کو پہنچنے والے نقصانات محض ایک آغاز تھے۔ ان کے مطابق اگر امریکا نے ایران کے مفادات یا قومی سلامتی کے خلاف مزید کوئی اقدام کیا تو اسے پہلے سے زیادہ سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

قالیباف کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان شدید کشیدگی برقرار ہے اور حالیہ فوجی کارروائیوں کے بعد خطے میں مزید تصادم کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے اپنے خطاب میں ملک کو درپیش معاشی مشکلات کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ فوجی محاذ کے ساتھ ساتھ معیشت، مہنگائی، روزگار، کرنسی کی قیمتوں اور مارکیٹ سے متعلق مسائل بھی فوری توجہ کے متقاضی ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.