تازہ ترین

اسحاق ڈار استنبول پہنچ گئے، علاقائی امن پر اہم اجلاس

0

اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اہم علاقائی سفارتی سرگرمیوں میں شرکت کے لیے ترکیہ کے شہر استنبول پہنچ گئے، جہاں وہ پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب اور مصر کے وزرائے خارجہ کے اہم R-4 اجلاس میں شرکت کریں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار کی استنبول آمد پر ڈپٹی چیف آف اسٹاف برائے ایڈمنسٹریشن بریگیڈیئر جنرل شینول وارول، ترکیہ میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر یوسف جنید، ترک وزارت خارجہ کے سفیر جہاد ارگینائے اور دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔

استنبول پہنچنے کے بعد نائب وزیراعظم نے حضرت ابو ایوب انصاریؓ کے مزار پر حاضری دی اور پاکستان، پاکستانی عوام کی سلامتی و خوشحالی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے دعا کی۔

اسحاق ڈار پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب اور مصر کے R-4 وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اجلاس میں علاقائی سیکیورٹی، سفارتی رابطوں اور خطے میں امن کے فروغ کی کوششوں سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔

R-4 کا سفارتی فریم ورک رواں سال مارچ میں امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات میں سہولت کاری کی کوششوں کے دوران سامنے آیا تھا۔ اس سلسلے کا گزشتہ اجلاس جون میں قاہرہ میں ہوا تھا، جہاں چاروں ممالک نے واشنگٹن اور تہران کے درمیان اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا خیرمقدم کیا تھا۔

R-4 کے پہلے دو اجلاس مارچ میں ریاض اور اسلام آباد میں منعقد ہوئے تھے۔ ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان نے اسحاق ڈار کو استنبول اجلاس میں شرکت کی دعوت دی تھی، جسے پاکستانی نائب وزیراعظم نے قبول کیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق R-4 میکنزم چاروں ممالک کے درمیان مشاورت، تعاون اور علاقائی امن و خوشحالی کے لیے مشترکہ اور مربوط کوششوں کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

اسحاق ڈار برطانیہ کا سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد ترکیہ پہنچے ہیں، جہاں انہوں نے برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی، وزیر مملکت برائے پاکستان اسٹیفن ڈاؤٹی اور قومی سلامتی کے مشیر جوناتھن پاول سمیت اہم حکام سے ملاقاتیں کیں۔

انہوں نے بین الاقوامی میری ٹائم آرگنائزیشن کے سیکریٹری جنرل ارسینیو ڈومنگیوز، دولت مشترکہ کی سیکریٹری جنرل شرلی آیورکور بوچوے اور برطانوی پارلیمنٹ میں پاکستانی نژاد ارکان سے بھی ملاقاتیں کیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.