تازہ ترین

خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے بعد پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق

0

خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے بعد پیدا ہونے والی سیاسی صورت حال پر پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی نے حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مذاکرات آگے بڑھانے کی حمایت کردی ہے۔ اجلاس میں ارکان نے پارٹی قیادت کی جانب سے آئندہ حکمت عملی پر اعتماد میں نہ لیے جانے کا شکوہ کرتے ہوئے مذاکراتی عمل میں پارلیمانی پارٹی کی نمائندگی یقینی بنانے کا مطالبہ بھی کیا۔

پشاور میں ہونے والے آن لائن اجلاس میں صوبے کی موجودہ صورت حال، صوبائی حکومت کی بحالی اور اسپیکر بابر سلیم سواتی، معطل وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سمیت حراست میں لیے گئے کابینہ ارکان اور دیگر اراکین اسمبلی کی رہائی کے معاملات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں شریک ارکان نے کہا کہ پارٹی قیادت انہیں آئندہ سیاسی حکمت عملی کے حوالے سے اعتماد میں نہیں لے رہی۔ شرکا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ موجودہ حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کیا جانا چاہیے۔

اجلاس میں اس امر پر بھی تشویش ظاہر کی گئی کہ صوبائی حکومت موجود نہیں اور اسمبلی بھی غیر فعال ہے، جبکہ اسپیکر بابر سلیم سواتی، سہیل آفریدی اور کابینہ و اسمبلی کے بعض ارکان حراست میں ہیں۔ ارکان کے مطابق ان حالات میں آئندہ کی حکمت عملی واضح ہونا ضروری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں حکومت اور اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کے ذریعے صوبائی حکومت کی بحالی اور حراست میں لیے گئے رہنماؤں و ارکان کی رہائی کے لیے کوششیں کرنے کی حمایت کی گئی۔ شرکا نے مطالبہ کیا کہ اگر مرکزی قیادت مذاکرات کرتی ہے تو پارلیمانی پارٹی کو بھی اس عمل میں نمائندگی دی جائے۔

اجلاس میں یہ اتفاق بھی کیا گیا کہ اگر پارلیمانی پارٹی کے ارکان میں سے کوئی مذاکراتی عمل آگے بڑھانے کے لیے تیار ہو تو اس مقصد کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جا سکتی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.