اسلام آباد: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کے بعد صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور خدمات کو سراہتے ہوئے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ غیر ملکی پشت پناہی رکھنے والے دہشتگردوں اور ان کے مقامی سہولت کاروں کی ملک کو غیر مستحکم کرنے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی۔
صدر مملکت نے کہا کہ عزمِ استحکام کے تحت فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہیں گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پاکستان کے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے پختہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے دہشتگردی کے خاتمے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کیلئے سیکیورٹی فورسز کے افسران اور اہلکاروں کی خدمات کو سراہا۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ دہشتگردوں کو ملک میں بدامنی پھیلانے یا اپنے مقاصد حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔