تازہ ترین

پی ٹی آئی لانگ مارچ پشاور میں داخل، صوابی پہنچ کر آئندہ لائحہ عمل کا اعلان ہوگا، سہیل آفریدی

0

پشاور: پاکستان تحریک انصاف کا لانگ مارچ خیبر سے پشاور میں داخل ہوگیا ہے، جبکہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ صوابی پہنچنے کے بعد مارچ کے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق لانگ مارچ کا قافلہ حیات آباد ٹول پلازہ سے روانہ ہوکر پشاور کے مختلف علاقوں سے گزرتا ہوا چارسدہ روڈ تک پہنچے گا، جہاں رات قیام کے بعد اگلی صبح دوبارہ روانہ ہوکر ضلع چارسدہ کی جانب بڑھے گا۔

مارچ کی آمد کے پیش نظر پشاور کے بعض نجی تعلیمی اداروں نے اسکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے والدین کو پہلے ہی آگاہ کردیا گیا تھا، تاہم سرکاری اسکولوں کی تعطیل کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔

شہر کے بعض علاقوں میں موبائل فون سروس متاثر ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں، تاہم متعلقہ حکام کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔

ضلع خیبر کے باڑہ بازار میں مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ صوابی پہنچنے پر تحریک انصاف آئندہ حکمت عملی کا اعلان کرے گی، جبکہ مارچ کے اگلے مرحلے سے متعلق منصوبہ فی الحال ظاہر نہیں کیا جارہا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف آئندہ مرحلے میں نئی حکمت عملی کے ساتھ پیش رفت کرے گی۔ سہیل آفریدی نے کہا کہ لانگ مارچ پرامن رہے گا اور شرکا کسی غیر آئینی یا غیر قانونی سرگرمی کا حصہ نہیں بنیں گے۔

تحریک انصاف کے مطابق اس کے بنیادی مطالبات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کیلئے طبی سہولیات، قانونی اور خاندانی ملاقاتوں کی اجازت، مقدمات کے جلد فیصلے اور خیبر پختونخوا میں امن و امان کیلئے وفاق اور صوبے کے درمیان نئی سیکیورٹی پالیسی شامل ہے۔

دوسری جانب وفاقی حکومت نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مؤقف پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے کہا کہ سہیل آفریدی کا طرز عمل صوبے میں ایمرجنسی کے نفاذ کی صورتحال پیدا کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبے میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی خواہش نہیں رکھتی، تاہم اگر ایسی صورتحال پیدا ہوتی ہے تو اس کی ذمہ داری وزیراعلیٰ پر عائد ہوگی۔ وفاقی وزیر نے دہشتگردی کے خلاف حکومتی پالیسی میں عدم تعاون سے متعلق وزیراعلیٰ کے مؤقف پر بھی تنقید کی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.