تازہ ترین

انگور اڈہ میں افغان فورسز کی گولہ باری،پاک فوج کی جوابی کارروائی جاری

0

اسلام آباد: جنوبی وزیرستان کے سرحدی علاقے انگور اڈہ میں مارٹر گولہ ایک رہائشی مکان پر گرنے سے ایک شہری جاں بحق اور ایک ہی خاندان کے پانچ افراد زخمی ہوگئے، جبکہ واقعے کے بعد پاکستانی سکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے افغان طالبان کی متعدد چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق واقعہ منگل کی رات پیش آیا، جب پاکستان اور افغانستان کی سرحد کے قریب شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا۔ مارٹر گولہ رہائشی مکان پر گرنے سے جانی نقصان ہوا، جبکہ قریبی املاک کو بھی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

واقعے کے بعد مقامی آبادی میں شہریوں کو نشانہ بنائے جانے پر شدید تشویش پائی گئی۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی فورسز نے سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ کے جواب میں فوری کارروائی کی اور افغان طالبان کی متعدد چیک پوسٹوں کو تباہ کر دیا۔

ذرائع کے مطابق سرحد پر تعینات پاکستانی اہلکار ہائی الرٹ ہیں اور کسی بھی مزید کارروائی کا مؤثر جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔ سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ شہری آبادی پر حملے کے بعد جوابی کارروائی جاری ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.