تنزانیہ: چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے جامع حکمرانی، امن، مذاکرات اور مساوی مواقع کیلئے عزم کی تجدید پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ باہم جڑی ہوئی دنیا میں پائیدار ترقی اور عوام کو بااختیار بنانا عالمی امن و استحکام سے الگ نہیں کیا جاسکتا۔
تنزانیہ کے شہر اروشا میں بین الپارلیمانی یونین کی 153ویں اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ شمولیت، اعتماد، امن اور مواقع کے اصول نہ صرف ریاستوں کے اندر حکمرانی بلکہ مختلف ممالک کے باہمی تعلقات میں بھی رہنما اصول ہونے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کثیرالجہتی نظام، مذاکرات اور تنازعات کے پرامن حل کیلئے پرعزم ہے، جبکہ موجودہ دور میں دنیا کو تنازعات، دہشت گردی، انسانی بحرانوں اور بڑھتی ہوئی جغرافیائی سیاسی کشیدگی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پارلیمان مختلف اقوام کے درمیان باہمی سمجھ بوجھ کو فروغ دینے اور عالمی تعاون مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔
یوسف رضا گیلانی نے مشرق وسطیٰ کے حالیہ بحران کے دوران پاکستان کی سفارتی کوششوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلسل کشیدگی میں کمی، مذاکرات اور جنگ بندی کی حمایت کرتا رہا ہے اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کیلئے عالمی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے غزہ میں فوری اور مستقل جنگ بندی، بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور پائیدار حل پر زور دیا۔