آبنائے ہرمز مکمل طور پر ایرانی مسلح افواج کے کنٹرول میں ہے، ایرانی کمانڈر کا دعویٰ
تہران: ایران نے ایک بار پھر آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول رکھنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مخالف فریق کے بحری جہاز اور دیگر بحری سازوسامان ایرانی سرحدوں سے خاصے فاصلے پر منتقل ہوچکے ہیں۔
تہران میں ایرانی خاتم الانبیا ہیڈکوارٹرز کے سینئر کمانڈر بریگیڈیئر جنرل شمخال جعفری نے ایرانی سرکاری ٹیلی وژن سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز مکمل طور پر ایرانی مسلح افواج کے کنٹرول میں ہے۔
ایرانی کمانڈر کے مطابق ایران نے مخالف فریق کو اپنے بحری جہاز اور دیگر بحری سازوسامان ایرانی سرحدوں سے خاصے فاصلے پر منتقل کرنے پر مجبور کردیا ہے۔
بریگیڈیئر جنرل شمخال جعفری نے مزید دعویٰ کیا کہ ایرانی افواج نے مخالف فریق کا کچھ بحری سازوسامان بھی اپنے قبضے میں لے لیا ہے، تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔