تازہ ترین

صدر مملکت اور وزیراعظم کی ملاقات، پی ٹی آئی سے مذاکرات کے لیے مشترکہ کمیٹی قائم

0

اسلام آباد: ملک کی موجودہ سیاسی اور سکیورٹی صورتحال کے دوران صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ایوان صدر میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں پی ٹی آئی سے مذاکرات کے لیے حکومتی اور پیپلز پارٹی پر مشتمل مشترکہ کمیٹی قائم کردی گئی۔

ایوان صدر کے اعلامیے کے مطابق مشترکہ کمیٹی میں محسن نقوی، رانا ثناء اللہ، امیر مقام، شیری رحمان، نوید قمر اور اعجاز جکھرانی شامل ہیں۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی حکومت اور پیپلز پارٹی پر مشتمل مشترکہ وفد کل پی ٹی آئی قیادت سے ملاقات کرے گا، جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر مذاکرات کیے جائیں گے۔

ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی اور سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر مملکت اور وزیراعظم نے خیبرپختونخوا کی سکیورٹی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ملکی سلامتی سے متعلق امور کا جائزہ لیا۔

صدر مملکت اور وزیراعظم نے دہشتگردی کے خلاف قومی عزم مزید مضبوط بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، رانا ثناء اللہ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر توقیر شاہ، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، شرجیل انعام میمن اور ناصر حسین شاہ بھی شریک تھے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.