پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل افریدی نے 4 اکتوبر کو ہونے والے لانگ مارچ کے لیے اندرون و بیرون ملک پاکستانیوں سے مالی تعاون کی اپیل کردی۔
اپنے پیغام میں سہیل افریدی نے کہا کہ یہ حقیقی آزادی کی جنگ ہے اور عوام کی حمایت کے بغیر اسے کامیاب بنانا ممکن نہیں۔ انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں سے بھی قانونی طریقے سے مالی تعاون کرنے کی اپیل کی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ اندرون اور بیرون ملک مقیم پاکستانی بڑے مقصد اور لانگ مارچ کے اخراجات کے لیے بھرپور تعاون کریں۔
پی ٹی آئی رہنما شاہد خٹک کے مطابق ڈی آئی خان، ٹانک، وزیرستان اور بنوں کے قافلے لکی مروت میں جمع ہوں گے، جبکہ کرک، کوہاٹ، ہنگو، اورکزئی اور کرم کے قافلوں کا شیڈول بھی جلد جاری کیا جائے گا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ لانگ مارچ ایک سیاسی اور جمہوری فیصلہ ہے جو پرامن طریقے سے اپنے انجام تک پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی یا گورنر راج کی کوئی گنجائش نہیں، تاہم صوبائی حکومت کے خلاف کوئی وفاقی اقدام کیا گیا تو اس کا عوامی سطح پر جواب دیا جائے گا۔
بیرسٹر گوہر کے مطابق ایسی کسی صورتحال میں گورنر ہاؤس کے باہر دھرنا بھی دیا جاسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ممکنہ وفاقی اقدامات کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے لیے ایک خصوصی قانونی ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے۔