تازہ ترین

خیبرپختونخوا کی صورتحال پر وزیراعظم کی زیرِ صدارت اہم اجلاس، آئینی و سیاسی آپشنز پر غور

0

اسلام آباد: خیبرپختونخوا میں سیاسی کشیدگی اور سکیورٹی صورتحال کے تناظر میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اہم مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں صوبے کی صورتحال کے ساتھ مختلف آئینی اور سیاسی راستوں پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران خیبرپختونخوا کی امن و امان کی صورتحال اور 4 اکتوبر کے اعلان کردہ لانگ مارچ سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں صوبے سے متعلق مختلف آئینی و قانونی آپشنز پر بھی مشاورت کی گئی، جن میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے امکانات شامل ہیں۔ تاہم اس مرحلے پر کسی اقدام کے نفاذ کا حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی حکومت اور پی ٹی آئی قیادت کے درمیان مبینہ پس پردہ رابطوں اور موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے خیبرپختونخوا سے متعلق کسی بھی فیصلے سے قبل متعلقہ سیاسی فریقوں اور دیگر شراکت داروں کو اعتماد میں لینے پر بھی زور دیا۔

دوسری جانب صدر آصف علی زرداری سے بھی خیبرپختونخوا کی صورتحال پر مشاورت متوقع ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی صدر مملکت سے ملاقات کا بھی امکان ہے، جس میں صوبے کی سیاسی اور سکیورٹی صورتحال سمیت آئینی امور پر تبادلہ خیال کیا جاسکتا ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب وفاقی حکومت اور خیبرپختونخوا کی پی ٹی آئی حکومت کے درمیان سیاسی کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے اور پی ٹی آئی نے 4 اکتوبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.