تازہ ترین

لوئر دیر میں پراسرار بیماری سے 4 روز کے دوران 7 اموات، 5 بچے شامل

0

لوئر دیر کے پہاڑی علاقوں میں گزشتہ چار روز کے دوران بخار اور مختلف بیماریوں کے باعث 7 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات نے تشویش پیدا کردی، جاں بحق افراد میں 5 بچے اور 2 خواتین شامل ہیں۔

مقامی افراد کے مطابق برمکے، بوچکے اور شادام کے علاقوں میں بیماری کے باعث اموات ہوئی ہیں۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ہر سال ستمبر کے دوران ان علاقوں میں اسی نوعیت کی بیماری کے باعث اموات کے واقعات سامنے آتے ہیں۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے مطابق 2 نوجوان گردن توڑ بخار کے باعث پشاور میں زیرِ علاج تھے، جبکہ برمکے میں جاں بحق ہونے والے 2 بچے نوزائیدہ تھے۔ ڈی ایچ او کے مطابق جاں بحق ہونے والی ایک خاتون ٹی بی کے مرض میں مبتلا تھیں۔

ڈی ایچ او نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں سے بیماری کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے نمونے حاصل کرلیے گئے ہیں اور ان کی رپورٹس کا انتظار ہے۔

حکام کے مطابق علاقے میں ڈینگی اور ملیریا سے بچاؤ کے لیے اسپرے بھی کیا جاچکا ہے، جبکہ صورتحال کا جائزہ لینے اور بیماری کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے محکمہ صحت، لائیو اسٹاک اور پبلک ہیلتھ پر مشتمل مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.