تازہ ترین

شمالی قبرص کے قریب بحری جہاز الٹ گیا، 7 افراد جاں بحق` 23 افراد تاحال لاپتا

0

شمالی قبرص کے ساحل کے قریب مسافر بحری جہاز خوفناک حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 23 لاپتا ہوگئے ہیں، حادثے کے بعد بڑے پیمانے پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

حادثے کا شکار ہونے والے جہاز میں مجموعی طور پر 270 افراد سوار تھے جو گیرن بندرگاہ سے ترک شہر تاشوچو کی جانب سفر کررہے تھے۔ حکام کے مطابق اب تک 237 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے جبکہ لاپتا مسافروں کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں۔

مقامی حکام کے مطابق جہاز سمندر میں تقریباً 514 میٹر کی گہرائی میں مکمل طور پر غرق ہوچکا ہے۔ حادثے کے بعد متعدد امدادی کشتیاں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، جبکہ ریسکیو کیے گئے افراد کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے اسپتالوں کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے۔

ترک حکام نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاپتا افراد کی تلاش اور متاثرین کو محفوظ مقامات تک منتقل کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ تاہم ابتدائی طور پر بحری جہاز الٹنے کی حتمی وجہ سامنے نہیں آسکی۔

حادثے پر وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ شہباز شریف نے ترک صدر رجب طیب اردوان، ترک حکومت اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

اسحاق ڈار نے بھی متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے لاپتا افراد کی جلد اور بحفاظت بازیابی کے لیے جاری ریسکیو آپریشن کی کامیابی کی دعا کی ہے۔

ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز نے کہا ہے کہ انقرہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے لیے ہر ممکن معاونت فراہم کررہا ہے۔ شمالی قبرص میں موجود اسپتالوں کو بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رکھا گیا ہے۔

شمالی قبرص جزیرہ قبرص کے شمالی حصے پر مشتمل علاقہ ہے، جسے بین الاقوامی سطح پر صرف ترکیہ تسلیم کرتا ہے۔ قبرص 1974 سے منقسم ہے اور شمالی حصے کے ترکیہ کے ساتھ فضائی و بحری روابط قائم ہیں۔

یہ حادثہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب ترک صدر رجب طیب اردوان پیر کو شمالی قبرص کا اہم دورہ کرنے والے ہیں، جہاں وہ اکتوبر میں منتخب ہونے والے صدر طوفان ارحرمن سے ملاقات کریں گے۔ 2023 کے بعد یہ ترک صدر کا شمالی قبرص کا پہلا دورہ ہوگا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.