تازہ ترین

پی ٹی آئی دہشت گردی کے خلاف جنگ سے پیچھے نہیں ہٹے گی، شوکت یوسف زئی

0

پشاور: پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات شوکت یوسف زئی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پی ٹی آئی کا مؤقف واضح ہے اور پارٹی اس جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔ انہوں نے کرک میں دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ڈی ایس پی اور ایس ایچ او سمیت پولیس کے چار اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔

شوکت یوسف زئی نے شہدا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کا اداروں کے ساتھ کوئی ٹکراؤ نہیں اور نہ ہی پارٹی کا دہشت گردوں سے کوئی تعلق ہے۔ انہوں نے وزرا پر زور دیا کہ بیانات دیتے وقت احتیاط برتیں اور پی ٹی آئی پر عائد کیے جانے والے الزامات کے ثبوت بھی پیش کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے ملک کے دفاع پر کبھی سمجھوتا نہیں کیا اور ضرورت پڑنے پر ہمیشہ اداروں کے ساتھ کھڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی اب بھی مقبول سیاسی جماعت ہے اور اس کی مقبولیت جانچنے کے لیے آزادانہ اور شفاف انتخابات کرائے جاسکتے ہیں۔

شوکت یوسف زئی نے گورنر کے کردار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صرف پریس کانفرنسوں سے کام نہیں چلے گا بلکہ عملی اقدامات کرنا ضروری ہیں۔ ان کے مطابق گورنر کو پشاور میں پریس کانفرنس کرنے کے بجائے شہدا کے جنازے میں شرکت کرنی چاہیے تھی۔ انہوں نے کہا کہ 12 دن گزرنے کے باوجود عملی اقدامات کے بجائے بیانات دیے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الزامات کا سلسلہ اب ختم ہونا چاہیے اور متعلقہ حکام کو اپنے اقدامات کا جواب دینا ہوگا۔ شوکت یوسف زئی کے مطابق پہلے صوبے کو فنڈز کی کمی کا مسئلہ درپیش تھا، تاہم اب وفاقی فنڈز حکومتی تبدیلی کے بعد موجودہ انتظامیہ کو مل رہے ہیں۔

پی ٹی آئی ترجمان نے پارٹی میں اختلافات کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے فیصلوں کو غلط رنگ نہ دیا جائے۔ ان کے مطابق پوری جماعت بیرسٹر گوہر کی قیادت میں متحد ہے اور قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ارکان پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں۔

شوکت یوسف زئی نے واضح کیا کہ صوبائی تنظیم میں کوئی ردوبدل نہیں ہورہا اور جنید اکبر ہی پارٹی کے صوبائی صدر رہیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.