تازہ ترین

وزیراعظم شہباز شریف کا مولانا فضل الرحمان سے رابطہ، خیبرپختونخوا کی صورتحال پر گفتگو

0

اسلام آباد: خیبرپختونخوا میں سیاسی کشیدگی اور پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سے متعلق معاملات کے تناظر میں وزیراعظم شہباز شریف نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے رابطہ کیا ہے، جس میں سیاسی صورتحال اور مسائل کے حل کے لیے بات چیت کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس کے بعد رات گئے مولانا فضل الرحمان سے ٹیلیفون پر گفتگو ہوئی، جس میں خیبرپختونخوا کے حالات اور پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے متعلق امور زیر بحث آئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے ایک بار پھر اس مؤقف پر زور دیا کہ سیاسی معاملات کو افہام و تفہیم اور مذاکرات کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔

رپورٹس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان کی سیاسی خدمات اور مفاہمت کے لیے ان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت مسائل کے سیاسی حل کے لیے ہر ممکن کوشش کررہی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے پی ٹی آئی کی جانب سے لانگ مارچ پر اصرار اور دہشت گردی کے خلاف اقدامات سے متعلق اختلافات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان معاملات نے مشکلات پیدا کی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ خیبرپختونخوا حکومت اور اپوزیشن صورتحال کی سنگینی کو سمجھتے ہوئے مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔

وزیراعظم کی جانب سے یہ مؤقف بھی سامنے آیا کہ حکومت مذاکرات اور سیاسی حل کے لیے تیار ہے، تاہم وفاق کی جانب پیش قدمی اور تصادم سے گریز ضروری ہے، کیونکہ اس طرح کے اقدامات مسائل حل کرنے کے بجائے مزید پیچیدگیاں پیدا کرسکتے ہیں۔

گفتگو میں سیاسی استحکام کو ملکی معیشت کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت معاشی بہتری کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.