تازہ ترین

وزیراعظم شہباز شریف اور فضل الرحمان میں جلد رابطے کا امکان، پی ٹی آئی سے مذاکرات کا عندیہ

0

اسلام آباد: حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سیاسی رابطوں میں تعطل کے باوجود مذاکرات کی کوششیں ایک بار پھر تیز ہونے لگی ہیں، وزیراعظم شہباز شریف اور جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان جلد رابطے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کیلئے آمادگی کا عندیہ دیا ہے، جبکہ حکومت کی مذاکراتی ٹیم نے مولانا سے ہونے والی ملاقات کی رپورٹ وزیراعظم شہباز شریف کو پیش کردی ہے۔

حکومتی مذاکراتی ٹیم میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ اور وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری شامل تھے۔

دوسری جانب قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجا ناصر عباس نے حکومت سے مذاکرات کو بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات سے مشروط کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق محمود خان اچکزئی نے کوئٹہ سے علامہ راجا ناصر عباس سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس میں حکومت سے مذاکرات اور آل پارٹیز کانفرنس کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔

دونوں رہنماؤں نے مذاکرات سے متعلق آئندہ حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا اور مؤقف اختیار کیا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بغیر مذاکراتی عمل آگے بڑھانا مشکل ہوگا۔

a

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.