اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مارچ اور دھرنوں کا سلسلہ ختم ہونے کے بعد ہی بات چیت کو آگے بڑھایا جاسکتا ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے ڈھائی سال کی مسلسل محنت اور ٹیم ورک کے نتیجے میں ملکی معیشت کو استحکام کی جانب گامزن کیا ہے، جبکہ حاصل کیا گیا معاشی استحکام پاکستان کی ترقی اور قومی مفاد کیلئے انتہائی اہم ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مذاکرات کو کامیاب بنانے کیلئے حکومت کی جانب سے بھرپور کوششیں کی گئیں، تاہم یہ کوششیں مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کرسکیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ایک طرف ملک ترقی کی راہ پر آگے بڑھ رہا ہے جبکہ دوسری جانب احتجاج اور دھرنوں کے باعث برآمدات، درآمدات اور صنعتی شعبے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ احتجاج اور دھرنوں کی سیاست کا براہ راست نقصان ملکی معیشت کو پہنچے گا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا ترقی کے پہیے کو دوبارہ روک دینا ملک کے مفاد میں ہے؟
وزیراعظم نے اپوزیشن پر زور دیا کہ وہ ملکی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے سیاسی معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کرے اور پاکستان کی عالمی ساکھ کو متاثر ہونے سے بچائے۔