لاہور: ملک میں جاری سیاسی کشیدگی کے درمیان حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے امکانات ایک بار پھر پیدا ہوگئے ہیں، سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران دونوں فریقوں کے درمیان دوبارہ بات چیت شروع ہونے کی امید ظاہر کردی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کا عمل جاری رہنا مثبت پیش رفت ہے، جبکہ سیاسی استحکام کیلئے بات چیت کا سلسلہ برقرار رہنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ مکہ معاہدے پر عمل درآمد کی جانب پیش رفت ہورہی ہے جو وزارت خارجہ کا ایک اہم فیصلہ ہے، جبکہ ملک میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بھی ایک بڑا فیصلہ زیر بحث ہے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ جب ملک میں بڑے اور اہم فیصلے کیے جارہے ہوں تو سیاسی استحکام ناگزیر ہوجاتا ہے، کیونکہ ایسے فیصلوں کے ملکی نظام اور عوام پر گہرے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر نے امید ظاہر کی کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اگلے 24 گھنٹوں میں دوبارہ مذاکرات شروع ہوسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کو پہلے بانی پی ٹی آئی کیلئے ریلیف حاصل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے، جس کے بعد ملاقات کا معاملہ بھی آگے بڑھ سکتا ہے۔