تازہ ترین

گورنر راج اور ایمرجنسی کیلئے آئین میں واضح گنجائش موجود ہے، فیصل کنڈی

0

پشاور: خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کیلئے تمام تیاریاں مکمل ہیں اور آئین میں اس کی واضح گنجائش موجود ہے۔

سابق صوبائی وزیر سید اختر حسین شاہ کی وفات پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے پی ٹی آئی کو چیلنج کیا کہ وہ لانگ مارچ کرکے صوابی کراس کرکے دکھائے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے صوبائی صدر جنید اکبر اور وزیراعلیٰ کے بعض بیانات کے باعث صوبے میں انتشار کی صورتحال پیدا ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ ماضی میں فارم 47 کے تحت منتخب ہونے والوں سے بات نہ کرنے کا مؤقف اختیار کرتے تھے، وہی اب مذاکرات کی میز پر پہنچ چکے ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ افغانستان کی جانب سے مختلف بیانات سامنے آرہے ہیں، تاہم ان کے بقول صوبائی حکومت کی جانب سے اس معاملے پر واضح مؤقف سامنے نہیں آیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے اپنے دور حکومت میں سوات میں آپریشن کے ذریعے امن بحال کیا تھا، جبکہ ان کے بقول عوام گزشتہ 13 برس کے دوران تحریک انصاف کی طرز حکمرانی کا مشاہدہ کرچکے ہیں۔

صوبہ ہزارہ کے قیام کے مطالبے پر گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ وہ ہزارہ صوبے کے حق میں ہیں اور ملک میں انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کو نظر انداز کرکے ریفرنڈم کی باتیں کرنا شکوک و شبہات کو جنم دیتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.