غزہ میں اسرائیلی بمباری جاری، خواتین سمیت 6 فلسطینی شہید
غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملوں کا سلسلہ جاری ہے، بدھ کے روز مختلف علاقوں میں ہونے والے فضائی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 6 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔
طبی حکام کے مطابق غزہ سٹی کے تل الہوا علاقے میں ایک گاڑی کو اسرائیلی فضائی حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 4 فلسطینی شہید اور 14 زخمی ہوئے۔
غزہ سٹی کے ایک اور علاقے میں ایک اپارٹمنٹ پر کیے گئے فضائی حملے میں ایک خاتون بھی شہید ہوئی۔ بعد ازاں خان یونس میں ایک مسجد کے باہر اسرائیلی فضائی حملے میں ایک شخص شہید جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
طبی ذرائع کے مطابق تازہ حملوں کے بعد بدھ کے روز غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں کے نتیجے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد کم از کم 6 ہوگئی ہے۔
اسرائیلی فوج نے ان حملوں کے حوالے سے فوری طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
اسرائیل کا مؤقف ہے کہ حماس اکتوبر میں ہونے والی جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دوبارہ مسلح ہو رہی ہے اور حملے کر رہی ہے، جس کے بعد حالیہ ہفتوں میں حماس کے خلاف اسرائیلی کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔
حماس نے اسرائیلی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ حملے کرنے یا اپنے ہتھیاروں کے ذخیرے کو دوبارہ قائم کرنے کی کوشش نہیں کر رہی۔ حماس نے اسرائیل پر غزہ جنگ بندی معاہدے کو نقصان پہنچانے کا الزام بھی عائد کیا ہے۔
گزشتہ سال امریکا کی ثالثی سے ہونے والی جنگ بندی کے معاہدے میں غزہ کی تعمیر نو کا بھی ذکر کیا گیا تھا، تاہم حماس کو غیر مسلح کرنے اور اسرائیلی فوج کے انخلا کی شرائط پر مذاکرات میں پیش رفت نہ ہونے کے باعث تعمیر نو کا عمل آگے نہیں بڑھ سکا۔
فلسطینی محکمہ صحت کے مطابق جنگ بندی کے بعد سے غزہ میں کم از کم 1400 فلسطینی اسرائیلی حملوں میں شہید ہوچکے ہیں، جبکہ اسرائیل کے مطابق اسی عرصے میں اس کے 4 فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔
فلسطینی حکام کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے آغاز سے اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 74 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔