تازہ ترین

سرمایہ کاری سے بلوچستان کی معیشت اور روزگار کے مواقع مضبوط ہوں گے، بلال خان کاکڑ

0

بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ صوبے میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، جبکہ سرمایہ کاری کے فروغ اور سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی میں بورڈ کا کردار اہم ہے۔

وہ سبکدوش ہونے والے چیف ایگزیکٹو آفیسر قائم لاشاری کے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں قائم مقام چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالمنان، بورڈ کے افسران و اہلکار اور دیگر عملے نے شرکت کی۔

بلال خان کاکڑ نے قائم لاشاری کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سرمایہ کاری کے فروغ اور ادارے کے امور کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری صوبائی معیشت کو مضبوط بنانے، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے، کاروباری سرگرمیوں میں اضافے اور مختلف شعبوں میں ترقی کی رفتار تیز کرنے میں معاون ثابت ہوسکتی ہے۔

بلال خان کاکڑ کا کہنا تھا کہ ان مقاصد کے حصول کے لیے سرمایہ کاروں کے ساتھ مؤثر رابطہ برقرار رکھنے اور ان کے مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دینا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائم لاشاری کی پیشہ ورانہ خدمات اور تجربہ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے لیے قابل قدر رہے ہیں، جبکہ ادارے کے لیے ان کی محنت اور کاوشوں کو یاد رکھا جائے گا۔

اس موقع پر قائم لاشاری نے بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے افسران اور عملے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اپنے دورِ ذمہ داری کے دوران انہیں ادارے کے افسران اور ملازمین کا بھرپور تعاون حاصل رہا۔

قائم لاشاری نے کہا کہ ادارے کی ترقی اور مقررہ اہداف کے حصول کے لیے ٹیم ورک بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.