تازہ ترین

عوام پر پیٹرولیم قیمتوں کے بوجھ کا احساس ہے، ریلیف دیتے رہیں گے,وزیراعظم شہباز شریف

0

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پر پڑنے والے بوجھ کا احساس ہے اور حکومت اپنی مالی استطاعت کے مطابق عوام کو ریلیف فراہم کرتی رہے گی۔ حکومت اور جماعت اسلامی نے پیٹرولیم مصنوعات پر ریلیف کی فراہمی اور پیٹرولیم لیوی میں مرحلہ وار کمی کے لیے مشترکہ کمیٹی تشکیل دینے پر اتفاق کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف سے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، جس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں، عوام کو ریلیف کی فراہمی اور پیٹرولیم لیوی میں کمی کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد میں لیاقت بلوچ، سید فراست شاہ، نصر اللہ رندھاوا اور عنایت اللہ شامل تھے۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ اور وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی بھی شریک ہوئے۔

وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے معاملے پر مذاکرات کا راستہ اختیار کرنے پر جماعت اسلامی کے وفد کا شکریہ ادا کیا۔ جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے پیٹرولیم لیوی کے خاتمے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اپنے مطالبات اور تجاویز پیش کیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ حکومت علاقائی بحران کے خاتمے کے لیے بھرپور سفارتی کوششیں کر رہی ہے تاکہ صورت حال معمول پر آسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ بحران حکومتی پالیسیوں کے بجائے علاقائی اور بین الاقوامی حالات کے باعث تیل کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق ہے، تاہم حکومت دستیاب مالی وسائل کے مطابق عوام کی مدد جاری رکھے گی۔

وزیراعظم نے وفد کو کم آمدن والے طبقے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی مد میں فراہم کیے جانے والے حکومتی ریلیف کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔ ان کے مطابق اب تک ایک کروڑ 27 لاکھ افراد فیول ریلیف اسکیم میں رجسٹر ہو چکے ہیں۔

ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ حکومت اور جماعت اسلامی کے تین تین نمائندوں پر مشتمل کمیٹی حتمی سفارشات تیار کرے گی۔ کمیٹی کی ذمہ داری ہوگی کہ پیٹرول پر جاری ریلیف اسکیم کا دائرہ وسیع کرنے کے لیے تجاویز دے، تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔ اس کے علاوہ پیٹرولیم لیوی میں مرحلہ وار کمی کے لیے آئندہ بجٹ میں شامل کی جا سکنے والی قابل عمل تجاویز بھی مرتب کی جائیں گی۔

حکومت کی جانب سے کمیٹی کے لیے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ کو نامزد کیا گیا ہے۔

بعد ازاں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ خطے میں کشیدگی کے باعث عالمی بحران پیدا ہوا ہے، جبکہ آبنائے ہرمز کی بندش سے تیل کی رسد متاثر ہو رہی ہے۔ ان کے مطابق دنیا کے مختلف ممالک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے اور موجودہ صورت حال معیشتوں کے لیے مشکلات پیدا کر سکتی ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور تیل کی قیمتوں میں کمی کے لیے سفارتی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دستیاب وسائل کے مطابق عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور وزیراعظم کی فیول ریلیف اسکیم سے لاکھوں افراد مستفید ہو رہے ہیں۔ ان کے مطابق جماعت اسلامی نے بھی اپنی تجاویز پیش کی ہیں، جن پر مشترکہ کمیٹی غور کرکے سفارشات مرتب کرے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.