تازہ ترین

پی ٹی آئی کا لانگ مارچ پانچویں روز پشاور پہنچ گیا، آئندہ لائحہ عمل کا انتظار

0

پشاور: عمران خان کی رہائی کے مطالبے کے ساتھ جاری پی ٹی آئی کے لانگ مارچ نے پانچویں روز پشاور میں قدم رکھ دیا ہے، تاہم اسلام آباد کی جانب پیش قدمی کے ابتدائی اعلان کے باوجود مارچ کی حتمی منزل اور آئندہ حکمت عملی تاحال واضح نہیں ہوسکی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی قیادت میں قافلہ جمعرات کی شام پشاور پہنچا۔ پی ٹی آئی کے مطابق شام چھ بجے کے بعد قافلہ حیات آباد ٹول پلازہ پر پہنچا، جہاں سیکڑوں کارکنوں نے اس کا استقبال کیا۔

یہ مارچ 4 اکتوبر کو شروع ہوا تھا اور اس کا بنیادی مطالبہ جیل میں قید پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی رہائی ہے۔ مارچ کے آغاز کے بعد سے اس کے روٹ میں کئی مرتبہ تبدیلی کی جاچکی ہے، جبکہ اسلام آباد کی جانب پیش قدمی کے بارے میں بھی حتمی منصوبہ سامنے نہیں آیا۔

حیات آباد ٹول پلازہ پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے انہیں اپنی جدوجہد جاری رکھنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ راستے کی مشکلات عمران خان کی جیل میں برداشت کی جانے والی تکالیف سے بڑھ کر نہیں ہیں۔

وزیراعلیٰ نے عمران خان کی رہائی کیلئے قربانی دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ پی ٹی آئی کی جانب سے جاری ویڈیو میں انہیں رہائی کے حق میں نعرے لگاتے دیکھا گیا، جبکہ کارکنوں نے بھی ان کا ساتھ دیا۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ پشاور کے مزید علاقوں میں جانے کے بعد وہ آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے صوابی پہنچنے پر اپنے منصوبے سے متعلق اعلان کا عندیہ بھی دیا۔

دوسری جانب مارچ کے شرکا کی آمد سے قبل پشاور کے کئی علاقوں میں موبائل اور سیلولر انٹرنیٹ سروسز میں غیر اعلانیہ تعطل کی اطلاعات سامنے آئیں۔

صوبائی وزیر اطلاعات شفیع جان کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق قافلے کو دوپہر دو بجے حیات آباد ٹول پلازہ پہنچنا تھا، تاہم وہ شام کے وقت وہاں پہنچا۔ قافلے کے طے شدہ راستے میں بھانہ ماری چنگی، کوہاٹی چوک، جمیل چوک، پیر زاکوری پل اور کبوتر چوک شامل تھے، جبکہ اس کے بعد چارسدہ روڈ کی جانب جانے کا منصوبہ تھا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.