تازہ ترین

خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کا خاتمہ ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے، وزیراعظم شہباز شریف

0

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا میں بڑھتی ہوئی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کو دہشتگردی سے نجات دلانا حکومت کی ترجیح ہے اور خیبرپختونخوا کی ترقی کو ملک کے دیگر حصوں کے برابر لایا جائے گا۔

وزیراعظم سے وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے ملاقات کی، جس میں آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا کے عوام کی بے مثال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ صوبے میں دہشتگردی کے عفریت کو ہر قیمت پر ختم کیا جانا چاہیے۔

امیر مقام نے وزیراعظم کو آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے متعلق مختلف امور پر بریفنگ دی۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح، ترقی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے جاری اقدامات میں تسلسل برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی ترقی اور وہاں کے عوام کی خوشحالی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

دریں اثنا، قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق کی سربراہی میں حکومتی وفد نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔

ذرائع کے مطابق حکومتی وفد نے مولانا فضل الرحمان کو ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات میں پیش رفت سے آگاہ کیا اور مؤقف اختیار کیا کہ مذاکرات میں ڈیڈ لاک کی ذمہ داری حکومت پر عائد نہیں ہوتی۔

ذرائع کے مطابق حکومتی وفد نے خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے دہشتگردی کے معاملے پر تعاون نہ کرنے کو بھی مذاکراتی کوششوں میں رکاوٹ قرار دیا۔

ملاقات میں سیاسی مسائل کے حل کیلئے مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا گیا، جبکہ مولانا فضل الرحمان نے قومی مفاد میں تمام فریقین کو مذاکرات اور بات چیت کا راستہ اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.