اسلام آباد: حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات میں ڈیڈ لاک کے بعد پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ سیاست میں کسی معاملے کو حتمی نہیں سمجھنا چاہیے، تاہم موجودہ صورتحال کے باوجود پارٹی کا لانگ مارچ کا فیصلہ برقرار ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا موجودہ دور مکمل ہوگیا ہے اور فریقین کے درمیان ڈیڈ لاک پیدا ہوگیا ہے۔ ان کے مطابق مذاکرات کے اگلے دور کے حوالے سے فی الحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، تاہم دونوں فریق بعض امور پر مزید بات چیت جاری رکھیں گے اور ضرورت پڑنے پر مذاکرات دوبارہ ہوسکتے ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی خواہش تھی کہ مذاکرات کامیاب ہوں، تاہم موجودہ صورتحال کے باوجود لانگ مارچ کا فیصلہ برقرار ہے اور یہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کرنا سیاسی جماعت کا حق ہے اور تمام فریقین کو چاہیے کہ اسے روکنے کے بجائے معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کریں۔
پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کی آڑ میں کوئی ایسا اقدام نہیں ہونا چاہیے جس سے خیبرپختونخوا کے عوام میں کشیدگی پیدا ہو۔
مذاکرات میں ڈیڈ لاک کے حوالے سے سوال پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سیاست میں کسی بھی معاملے کو آخری نہیں سمجھنا چاہیے، کیونکہ سیاست میں کوئی چیز آخری نہیں ہوتی۔
خیبرپختونخوا سے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کی صورت میں صوبے میں ایمرجنسی یا گورنر راج کے امکان سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کا جواب ایمرجنسی یا گورنر راج نہیں ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے اگلے مرحلے پر تاحال اتفاق نہیں ہوسکا۔