کراچی: جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے پٹرولیم لیوی کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی سرگرمیوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی آج 150 شہروں میں بیک وقت احتجاج اور دھرنے دے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر وزیراعظم نے پٹرولیم لیوی ختم نہ کی تو جماعت اسلامی اسلام آباد کی جانب مارچ کرے گی۔
کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پٹرولیم لیوی ختم کرنے کا فیصلہ ایک مثبت قدم ہوگا، تاہم ایسا نہ ہونے کی صورت میں جماعت اسلامی اپنا احتجاجی لائحہ عمل آگے بڑھائے گی۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں نظام کی تبدیلی کے لیے جدوجہد کر رہی ہے اور اس کا مقصد محض سیاسی پوائنٹ اسکورنگ نہیں بلکہ عوام کی خدمت کرنا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ کراچی میں جماعت اسلامی کا مقابلہ پیپلز پارٹی سے نہیں، بلکہ اپنے زیر انتظام نو ٹاؤنز میں تعمیر و ترقی کے کاموں کے ذریعے کارکردگی دکھانے سے ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ ان کے خیال میں ملک کی سیاسی جماعتیں عوامی مسائل پر خاطر خواہ توجہ نہیں دیتیں۔ ان کے مطابق جماعت اسلامی نے پٹرولیم لیوی کے خلاف تحریک چلائی، جس سے عوام میں اس معاملے کے حوالے سے آگاہی بڑھی ہے۔